مظفرآباد

ایڈز کا عالمی دن‘ محکمہ صحت کے زیر اہتمام آگاہی واک کا انعقاد

مظفرآباد (محاسب نیوز)ایڈز کے عالمی دن کے موقع پر آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں محکمہ صحت عامہ کے زیر اہتمام ایک بڑی اور جامع ایڈز آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔ اس واک کا مقصد نہ صرف عوام میں ایچ آئی وی/ایڈز سے متعلق شعور اجاگر کرنا تھا بلکہ معاشرے میں پھیلی ہوئی غلط فہمیوں اور سوشل اسٹیگما کو کم کر کے حفاظتی اقدامات پر زور دینا بھی تھا۔واک کی شروعات ڈی جی ہیلتھ آفس سے ہوئی، اور یہ شہر کے اہم علاقوں سے گزرتے ہوئے مختلف سڑکوں اور چوراہوں پر رک کر عوام کو ایچ آئی وی/ایڈز سے متعلق آگاہی فراہم کرتی رہی۔ اس موقع پر ملازمین محکمہ صحت عامہ، اسول سوسائٹی کے کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے بینرز، پلے کارڈز اور پوسٹرز اٹھا رکھے تھے جن پر بیماری سے بچاؤ، حفاظتی تدابیر اور بروقت ٹیسٹنگ کے حوالے سے اہم پیغامات درج تھے۔ایکٹنگ ڈی جی صحت عامہ و ڈائریکٹر سی ڈی سی فاروق اعوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایچ آئی وی/ایڈز کے حوالے سے معاشرے میں ابھی بھی بہت سی غلط فہمیاں موجود ہیں، جن کے باعث لوگ ٹیسٹنگ اور معلومات حاصل کرنے سے کتراتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیماری سے بچاؤ کا سب سے مؤثر طریقہ شعور اور آگاہی ہے، اور ہر شخص کو اپنی اور اپنے خاندان کی حفاظت کے لیے احتیاطی تدابیر اپنانا ضروری ہے۔

Related Articles

Back to top button