جسکول‘کروڑوں سے تعمیر ہونے والی سڑک میں مبینہ کرپشن‘روڈ تباہ

ہٹیاں بالا(بیورورپورٹ) چناری کے نواحی گاؤں جسکول میں کرروڑوں روپے کی مالیت سے تعمیر ہونے والی ایک کلو میٹرسڑک مبینہ طور پر کرپشن اور ناقص میٹریل کے باعث بننے کے چند ہی دن بعد ہی تباہ حالی کا شکار ہوگئی۔تفصیلات کے مطابق جسکول میں تعمیر ہونے والی سڑک کے ایک حصے پر تعمیراتی کام جاری ہے جبکہ دوسری جانب سے سڑک اکھڑنا اور ٹوٹنا شروع ہو گئی ہے،جس سے منصوبے کے معیار پر سنجیدہ سوالات اٹھنے لگے ہیں، علاقہ مکینوں کے مطابق ٹھیکیدار نے منصوبے میں کمزور مٹیریل استعمال کیا اور مٹی بھرائی کے عمل میں بھی معیار کا خیال نہیں رکھا گیا،کئی مقامات پر تارکول کی تہہ اتنی پتلی ڈالی گئی کہ بارش سے قبل ہی کنارے بیٹھ گئے،رولر استعمال نہ کرنے کی وجہ سے اسفالٹ ریت اور بجری پر سیاہ رنگ کے علاوہ کوئی عمل دخل نہیں رہا،سڑک کے ساتھ ساتھ نکاسی آب کا کوئی موثر نظام بھی نہیں بنایا گیا،جس سے بارش کا پانی سڑک کو مزید نقصان پہنچا سکتا ہے جبکہ پختہ ہونے والی روڈ ٹریفک کے لیے بھی موزوں نہیں ہے جگہ جگہ سے کھڈے پڑنے کے باعث ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہو رہی ہے جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ کروڑوں روپے مالیت کا یہ منصوبہ محکمہ تعمیرات عامہ کے زیر نگرانی مکمل کیا جا رہا ہے، مگر نگرانی کے فقدان اور مبینہ ملی بھگت کے باعث قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے،عوامی نمائندوں اور ضلعی انتظامیہ کی خاموشی نے شکوک و شبہات کو مزید گہرا کر دیا ہے اہل علاقہ نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بروقت تحقیقات نہ کی گئیں تو یہ منصوبہ مکمل طور پر ناکام ہو جائے گا،عوام نے حکومت آزاد کشمیر، چیف سیکرٹری،احتساب بیورو اور اینٹی کرپشن حکام سے فوری نوٹس لینے،منصوبے کی شفاف انکوائری کرانے اور کرپشن میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ایسے منصوبے عوامی مفاد کے لیے بنائے جاتے ہیں،مگر جب ان پر سیاست، کمیشن اور کرپشن غالب آجائے تو نہ صرف قومی خزانہ نقصان اٹھاتا ہے بلکہ عوام کا اعتماد بھی بری طرح مجروح ہوتا ہے۔




