بجلی کا غیر ضروری و غیر قانونی استعمال‘سسٹم اوورلوڈ‘پرتشددواقعات بڑھ گئے

مظفرآباد(خصوصی رپورٹر) آزادکشمیر بھر میں بجلی سستی ہونے کے بعد سسٹم اوور لوڈ ہونے کے اثرات پرتشدد واقعات کی صورت میں سامنے آنے لگے، سٹاف کی کمی کے باوجود شدید سرد موسم میں 24 سے 48 گھنٹے اُمور سرانجام دینے والے برقیات ملازمین تختہ مشق بن گئے، عدم تحفظ کا شکارمحکمہ برقیات کے ملازمین پرتشد واقعات میں اضافے کیخلاف سراپا احتجاج بن گئے، ملازمین برقیات کو تحفظ فراہم کرنے اور حملوں میں ملوث افراد کو گرفتار کر کے موثر کارروائی نہ کی گئی تو احتجاج کا دائرہ کار اختیار آزادکشمیر تک بڑھا تے ہوئے سوموار سے کام چھوڑ ہڑتال کریں گے، تنظیم غیر جریدہ فنی ملازمین کے زیر اہتمام منعقدہ احتجاجی مظاہرہ سے مقررین کا خطاب، مقررین کا کہنا تھا کہ محکمہ برقیات آزادکشمیر کے شہریوں کو بجلی کی فراہمی میں اپنا ہر ممکن کردار ادا کر رہا ہے، آزادکشمیر میں سستی بجلی ہونے کی وجہ سے اس کے استعمال میں 3 گنا اضافہ ہو گیا ہے جس کی وجہ سے سسٹم اوور لوڈ ہونے کی وجہ سے صارفین کے ساتھ ساتھ ملازمین کو سٹاف کمی کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اس کے باوجود محکمہ برقیات کا عملہ 24 سے 48 گھنٹے ڈیوٹی سرانجام دے کر عوام کی خدمت کر رہے ہیں لیکن اس کے باوجود جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے نام پر جتھے برقیات کے شکایات دفاتراور ملازمین پر حملہ آور ہو رہے ہیں، جس کا ایکشن کمیٹی کے کور ممبران کو نوٹس لینا چاہیے، ہم بھی اسی معاشرے کا حصہ ہیں،اس طرح کے ہتھکنڈے ملازمین کو حراساں کرنے کیلئے استعمال ہو رہے ہیں جس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں،مقررین نے برقیات ملازمین پر حملے کے واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ محکمہ برقیات کے ملازمین کے ساتھ پیش آنے والے اس افسوسناک واقعے میں ملوث گروہ کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے اور قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔




