مظفرآباد

عوامی مطالبات کے حل پر کشمیری عوام کا وزیراعظم پاکستان اور آرمی چیف کو خراج تحسین

مظفرآباد (سپیشل رپورٹر)آزادکشمیر میں ایک ہفتہ سے جاری ہڑتال اور مظاہرین کے مطالبات کا نوٹس لینے پر وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف اور چیف فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کا آزادکشمیر کے عوام نے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم وزیراعظم پاکستان اور چیف آف آرمی سٹا ف کے شکر گزار ہیں کہ ان کے بروقت نوٹس لینے کے باعث آزادکشمیر میں کوئی بڑا حادثہ رونما نہیں ہوا۔ مختلف مکاتب فکر نے محاسب سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے مطالبات کیلئے ہڑتال کی کال دی۔ جس پر انہوں نے اپنا ردعمل دیا۔ اس ردعمل پر وزیراعظم پاکستان جناب شہبازشریف نے سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی۔ جس میں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے رہنماؤں قمر الزمان کائرہ رانا ثناء اللہ، احسن اقبال،چوہدری طارق فضل امیر مقام، سابق صدر آزادکشمیر سردار مسعود کو شامل کیا گیا۔اس اعلیٰ سطحی کمیٹی نے انتہائی تدبر سیاسی مہارت اور بردباری کے ساتھ عوامی ایکشن کمیٹی کے مطالبات سنے ان کے ساتھ مطالبات کے کئی دور ہوئے اس اعلیٰ سطحی کمیٹی نے تین دن دارالحکومت مظفرآباد میں قیام کیا اور مظاہرین کے مطالبات منظور کرلیئے اور ایک مشترکہ علامیہ جاری کردیا گیا۔ محاسب کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے ان لوگوں نے کہا کہ مظاہرین کی ہڑتال کا مقصد صرف اور صرف مطالبات کی منظوری تھا۔یہ مظاہرین بھی پوری طرح محب الوطن اور پاکستان سے محبت کرنے والے ہیں۔ ان لوگوں نے یہ بھی کہا کہ اگرچہ سارے ماحول میں ناخوشگوار تکلیف دہ واقعات بھی رونما ہوئے جس نہیں ہونے چاہیے تھے۔انہوں نے کہا کہ ہم وزیراعظم پاکستان شہبازشریف اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر کے شکر گزار ہیں کہ وہ کشمیریوں سے محبت رکھتے اس کاظہار انہوں نے اعلیٰ سطحٰی کمیٹی بھیج کر کردیا ہے جس پر کشمیری اپنے اطمینان کااظہار کرتے ہیں۔

Related Articles

Back to top button