بلدیہ ورکرز یونین کا پنشن کی عدم ادائیگی پر صفائی بائیکاٹ‘ احتجاج کا اعلان

مظفرآباد (خبر نگار خصوصی)میونسپل کارپوریشن ورکرز یونین کی 6 فروری تک پنشن ادائیگی کی ڈیڈ لائن، عدم ادائیگی پر صفائی کا مکمل بائیکاٹ اور احتجاج کا اعلان،میونسپل کارپوریشن کی تنظیم ورکرز یونین نے ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن کی بروقت ادائیگی نہ ہونے پر شدید ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ کو 6 فروری تک پنشن کی ادائیگی کی واضح ڈیڈ لائن دے دی ہے۔ ورکرز یونین نے خبردار کیا ہے کہ اگر مقررہ تاریخ تک پنشن ادا نہ کی گئی تو شہر بھر میں صفائی کے عمل کا مکمل بائیکاٹ کر کے احتجاج کیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ورکرز یونین میونسپل کارپوریشن کا ایک اہم اجلاس سیکرٹری جنرل افتخار احمد اعوان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ریاست مسیح، نائب صدر امجد علی، چیئرمین اشتیاق عباسی، ساجد شاہ، راجہ عمران، چوہدری ایاز اور جہانگیر اعوان سمیت دیگر عہدیداران و کارکنان نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران شرکاء نے ریٹائرڈ سینٹری ورکرز کو پنشن کی ادائیگی میں مسلسل تاخیر پر شدید تشویش اور غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں صحت و صفائی کے نظام کو برقرار رکھنے کے لیے دن رات خدمات انجام دینے والے سینٹری ورکرز کو ریٹائرمنٹ کے بعد بروقت پنشن نہ ملنا سراسر ظلم اور ناانصافی ہے۔ورکرز یونین کے رہنماؤں نے کہا کہ پنشن کی منظوری کے باوجود ادائیگی نہ کرنا انتہائی افسوسناک عمل ہے اور اس سے ملازمین اور ان کے اہلِ خانہ شدید معاشی مشکلات کا شکار ہو رہے ہیں۔اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ صفائی کے شعبہ میں خدمات انجام دینے والے سینٹری ورکرز کے بچوں کو لوڈر ڈرائیونگ سمیت دیگر متعلقہ آسامیوں پر ایڈجسٹ کیا جائے، ادارے کے سینیئر اور اہل ملازمین کو ترقی دی جائے، جبکہ سکیل ون میں موجود سینٹری ورکرز، نائب قاصد اور لوڈرز کو حکومت کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق مکمل تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنائی جائے۔ورکرز یونین کے عہدیداران نے مزید کہا کہ اگر 6 فروری تک پنشن اور دیگر مطالبات پر عمل درآمد نہ کیا گیا تو وہ احتجاج کی کال دیتے ہوئے صفائی کا عمل روک دیں گے، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکامِ بالا پر عائد ہو گی۔اجلاس میں اس امر پر بھی افسوس کا اظہار کیا گیا کہ غریب سینٹری ورکرز انتہائی مشکل اور خطرناک حالات میں فرائض انجام دیتے ہوئے مختلف موذی بیماریوں کا شکار ہو چکے ہیں، تاہم اس کے باوجود ان کے مسائل پر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی۔ورکرز یونین نے حکومت اور میونسپل کارپوریشن انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سینٹری ورکرز کے حالاتِ زندگی پر رحم کرتے ہوئے فوری طور پر پنشن کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے اور جائز مطالبات پورے کیے جائیں تاکہ کسی ممکنہ احتجاج اور صفائی کے بحران سے بچا جا سکے۔



