مظفرآباد

فیصل ممتاز حکومت کابڑا اقدام، کمرشل بجلی بلات میں مذید ریلیف کاعلان

راولاکوٹ (محاسب نیوز) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور سے راولاکوٹ سرکٹ ہاؤس میں دورہ پونچھ کے دوران مختلف وفود کی ملاقاتیں، ملاقاتوں میں وزیراعظم آزاد کشمیر نے مختلف عوامی وفود مسائل سنے اور حل کی یقین دہانی کروائی، وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور سے نابینا افراد کی ایسوسی ایشن، بلدیاتی نمائندگان، معلمین القرآن، محکمہ مال کے ملازمین، اور سیاسی و سماجی وفود نے الگ الگ ملاقاتیں کیں اور اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔وزیراعظم آزاد کشمیر سے نابینا افراد کی ایسوسی ایشن کے وفد نے وزیراعظم کو معذور افراد کے لیے وظائف، ملازمتوں میں کوٹہ، اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد کے روزگار، اور زیرِ تعلیم طلبہ کے لیے ہاسٹلز کے مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ معذور افراد کا کوٹہ بڑھایا جائے گا، یہ کوٹہ سیاسی بنیادوں پر نہیں بلکہ صرف حقداروں کو میرٹ پر دیا جائے گا، حقداروں کے لیے فنڈ کے قیام میں تاخیر ہوئی لیکن باوجود اس کے ذاتی حیثیت میں فوری امداد فراہم کی جائے گی، خالی آسامیوں پر اہل اور تعلیم یافتہ معذور خواتین کی فوری تعیناتی عمل میں لائی جائے گی۔سنگولہ سے آئے وفد نے بھی وزیراعظم سے ملاقات کی اور وزیراعظم آزادکشمیر کو منصب سنبھالنے اور راولاکوٹ آمد پر خوش آمدید کہا۔ ممتاز حسین نے سنگولہ کالج اور ہائی اسکول سمیت دو اسکولوں اور ایک کالج کے پہلے سے کیے گئے اعلان کا حوالہ دیا۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے سنگولہ کے لیے سڑک کی تعمیر اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کے لیے خصوصی اقدامات کی یقین دہانی کروائی۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے کارکن عاشق اعوان نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔مئیر میونسپل کارپوریشن راولاکوٹ سردار عبدالنعیم کی قیادت میں ممبران میونسپل کارپوریشن نے بھی وزیراعظم آزادکشمیر سے ملاقات کی۔ ممبر کارپوریشن سردار عامر خورشید نے کارپوریشن میں ملازمین کی قلت، ورک چارج خاکروب، فائر بریگیڈ گاڑی، اور شہر کی خوبصورتی کے لیے خصوصی فنڈز کی فراہمی کی درخواست کی۔ ترجمان میونسپل کارپوریشن سردار شاہد خورشید نے بھی اس موقع پر کارپوریشن کے مسائل بارے وزیر اعظم کو آگاہ کیا۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے وفود سے ملاقات میں کہا کہ وہ خالی ہاتھ نہیں آئیں گے بلکہ فنڈز اور بہتری کے لیے عملی اقدامات کریں گے۔ انہوں نے بلدیاتی نظام کو مزید فعال بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قانون ساز اسمبلی اور لوکل گورنمنٹ ہی دو بنیادی نظام ہیں، اور حکومت بلدیاتی نظام کو اس کی اصل رو کے مطابق بحال کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بتدریج تمام مسائل حل کیے جائیں گے۔اپوزیشن لیڈر میونسپل کارپوریشن سردار عامر رفیق نے بھی گفتگو کرتے ہوئے ملازمین کی کمی کو پورا کرنے کا مطالبہ کیا۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ حکومت کے پاس وقت کم اور وسائل محدود ہیں، رواں مالی سال کے بجٹ کے صرف چھ ماہ باقی ہیں، تاہم وفاق سے وسائل کے حصول کی جدوجہد جاری ہے۔اسی دوران محکمہ مال ریونیو ایمپلائز آرگنائزیشن کے مرکزی صدر نصیر گردیزی کی قیادت میں وفد نے ریونیو الاؤنس کے حوالے سے ملاقات کی۔ مولانا امیر افضل کی قیادت میں معلمین القرآن کے وفد نے بھی وزیراعظم سے ملاقات کی اور اپگریڈیشن اور ایلیمنٹری ٹیچرز کے مساوی اسکیل کا مطالبہ پیش کیا، جس پر وزیراعظم آزادکشمیر نے مسئلہ حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔وفود میں سدھنوتی حلقہ بلوچ سے پاکستان پیپلز پارٹی کے عہدیداران ملک باسط شریف سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور سے ملاقات کی۔وزیراعظم آزادکشمیر نے تمام وفود کے مسائل سنے اور حل کی یقین دہانی کروائی، وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ حکومت عوامی مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے، دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات عوام کے مسائل حل کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔

Related Articles

Back to top button