مظفرآباد

سیکورٹی فورسز کی شمالی وزیر ستان میں زبرست کاروائی 11دہشتگرد ہلاک

راولپنڈی(صباح نیوز) شمالی وزیرستان اور کرم میں سکیورٹی فورسز کی دو کارروائیوں کے دوران 11دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے ضلع شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا،جس میں فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 6 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔ دوسری کارروائی ضلع کرم میں انٹیلی جنس بیسڈ اور مشترکہ طور پر کی گئی، جس میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے آپریشن میں فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا جو سکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ سمیت متعدد دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث رہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں مزید کسی بھی دہشتگرد کی موجودگی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔ بیان میں کہا گیاکہ قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظور شدہ حکمت عملی ’عزمِ استحکام‘ کے وژن کے مطابق سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنی انسداد دہشت گردی مہم پوری رفتار اور قوت سے جاری رکھیں گے۔

Related Articles

Back to top button