مظفرآباد

فاطمہ جناح مظفرآباد کی انٹر کالجیٹ سپورٹس ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی

مظفرآباد(سپیشل رپورٹر)فاطمہ جناح پوسٹ گریجویٹ کالج مظفرآباد نے ایک مرتبہ پھر تعلیمی و کھیلوں کے میدان میں اپنی برتری ثابت کرتے ہوئے ایک اور نمایاں اعزاز اپنے نام کر لیا۔ میرپور میں منعقدہ انٹر کالجیٹ اسپورٹس ٹورنامنٹ میں کالج کی طالبات نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر آٹھ میڈلز حاصل کیے، جن میں سات سلور اور ایک گولڈ میڈل شامل ہیں۔ٹورنامنٹ میں آزاد کشمیر بھر سے 16 کالجز کی ٹیموں نے شرکت کی، تاہم فاطمہ جناح پوسٹ گریجویٹ کالج کی طالبات اپنی محنت، لگن اور نظم و ضبط کے باعث نمایاں رہیں۔ کالج کی طالبہ آسمہ نور نے 800 میٹر ریس میں آزاد کشمیر بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کر کے گولڈ میڈل جیتا، جبکہ 400 میٹر ریس میں شہر بانو نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ دیگر مقابلوں میں لائبہ ظفر، پارسہ، آسمہ اور شہر بانو نے مشترکہ طور پر تیسری پوزیشن حاصل کر کے کالج کا نام روشن کیا۔علاوہ ازیں کراچی میں منعقد ہونے والی نیشنل گیمز میں بھی فاطمہ جناح پوسٹ گریجویٹ کالج مظفرآباد کی طالبات نے بھرپور شرکت کی اور کالج کی چار طالبات زینب،کلثوم،ثمینہ اور مناہل نے اعلیٰ سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا، جو ادارے کے لیے باعثِ فخر ہے۔کالج کی پرنسپل شبنم ہما نے طالبات کی اس شاندار کامیابی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فاطمہ جناح پوسٹ گریجویٹ کالج میں طالبات کی ہمہ جہت شخصیت سازی پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے، جہاں تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں اور ہم نصابی سرگرمیوں کو بھی بھرپور فروغ دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کامیابی ٹیم ورک، اساتذہ کی محنت اور طالبات کی لگن کا نتیجہ ہے۔پرنسپل شبنم ہما نے طالبات کی تربیت اور حوصلہ افزائی پر ایسوسی ایٹ پروفیسر رضیہ یوسف اور اسسٹنٹ ہاجرہ کو خصوصی مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی کالج کی طالبات اسی جذبے کے ساتھ قومی و علاقائی سطح پر کامیابیاں سمیٹتی رہیں گی اور ادارے کا نام روشن کریں گی۔

Related Articles

Back to top button