حریت کانفرنس کا11فروری کو مکمل ہڑتال کااعلان، شہدا کو خراجِ عقیدت

سری نگر(کے پی آئی)کل جماعتی حریت کانفرنس اور جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ نے ممتاز آزادی پسند رہنما ں محمد مقبول بٹ اور محمد افضل گورو کے ایام شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے لوگوں سے بدھ (11 فروری) کو مکمل ہڑتال کرنے کی اپیل کی ہے۔حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے ایک بیان میں کہا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس نے سرینگر میں ایک اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور مقبوضہ علاقے میں بھارتی فورسز کی طرف سے جاری ظلم و جبر پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔بھارت نے محمد افضل گورو کو 9 فروری 2013 کو اور محمد مقبول بٹ کو 11 فروری 1984 کو نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں پھانسی دی تھی۔ ان کی میتیں جیل کے احاطے میں ہی دفن ہیں۔اجلاس میں تحریک آزادی کے تقریبا پانچ لاکھ شہداکو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا جنہوں نے حق خودارادیت کے مقدس مقصد کے لیے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیاہے۔اجلاس میں مادر وطن کے عظیم بیٹوں محمد مقبول بٹ اور محمد افضل گورو کو بھی شاندار خراج عقیدت پیش کیا گیا اورحریت پسند کشمیری عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ 11 فروری کو مکمل ہڑتال کریں اور شہداکو خراج عقیدت پیش کریں۔ اجلاس میں کہاگیا کہ مادروطن کے ان عظیم سپوتوں نے کشمیری نسلوں کے مستقبل کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔حریت کانفرنس نے کہا کہ محمد مقبول بٹ، محمد افضل گورو اور دیگر شہداکی قربانیاں جموں و کشمیر کی سیاہ رات میں روشنی کی کرن ہیں۔اجلاس میں کہا گیا کہ بھارت کشمیری عوام کو اس جرم کی پاداش میں جو انہوں نے کیا ہی نہیں، پھانسی پر لٹکا کران کے جذبہ آزادی کو نہیں توڑ سکتا۔اجلاس میں بی جے پی کی ہندوتوا حکومت کے غیر انسانی اور سفاکانہ طرز عمل کی مذمت کرتے ہوئے جاری مزاحمتی تحریک کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کے عزم کا اعادہ کیاگیا۔اجلاس میں امریکہ، اقوام متحدہ، او آئی سی اور بین الاقوامی برادری پر زور دیا گیا کہ وہ بھارت پر دباو ڈالے کہ وہ مسئلہ کشمیرکے بارے میں اقوام متحدہ کی قراردادوں پر دستخط کنندہ کے طور پر اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔اجلاس میں عالمی برادری پر زور دیا گیا کہ وہ بھارتی افواج کے بدترین محاصرے میں زندگی گزارنے والے کشمیریوں کی حالت زار کا نوٹس لے جہاں انہیں زندگی کی بنیادی سہولیات سے محروم کرکے پتھر کے زمانے میں دھکیل دیا گیا ہے۔جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ اور دیگرحریت پسند تنظیموں نے بھی سرینگر میں اپنے الگ الگ بیانات میں 11 فروری کو ہڑتال کی اپیل کی۔دریں اثنامقبوضہ جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں ایک بار پھر پوسٹرچسپاں کئے گئے ہیں جن میں لوگوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ 11 فروری کو ممتاز کشمیری رہنما شہید محمد مقبول بٹ کی برسی کے موقع پر مکمل ہڑتال کریں۔




