آزاد کشمیر کے حالات بدل چکے‘ ان کے مطابق پولیس فورس کو تیاری کرنا ہوگی‘آئی جی

مظفرآباد (سپیشل رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس آزاد جموں و کشمیر یاسین قریشی نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں امن و امان کی صورتحال کنٹرول میں ہے۔اب آزاد کشمیر کے حالات بدل چکے ہیں ان کے مطابق پولیس فورس کو تیاری کرنا ہوگی۔پولیس عوام کی جان مال اور آبرو کی محافظ ہے۔آزاد کشمیر پولیس کی نفری کم ہے۔سپاہ کی تعداد دگنی کرنے کی ضرورت ہے۔ نفری کی کمی پوری کرنے کیلئے ضروری ہے کہ پولیس ٹریننگ سکول کو اپگریڈ کیا جائے۔ آئی جی پی یاسین قریشی نے کہا کہ آزاد کشمیر کے اندر بیشتر تھانوں کی عمارتیں مخدوش ہیں کئی تھانے ایسے ہیں جن کی زلزلہ میں عمارت کو نقصان ہوا آج تک بنائی نہیں جا سکی۔ تاہم سماہنی برنالہ سمیت کئی تھانے ایسے ہیں جن کی عمارتیں تعمیر ہوئے 60 سال کا عرصہ گزر چکا ہے تاہم حکومت نے کچھ تھانوں کی بہترین عمارتیں بنائیں ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ آزاد کشمیر کے تمام تھانوں کے عمارتیں جدید طرز پر بنائی جائیں انہوں نے کہا کہ چکار،لیپہ، چناری، لوات کے تھانے زلزلہ میں متاثر ہوئے تھے جو کہ ناقابل استعمال ہیں لیکن مجبوری کے عالم میں فورس ان ہی تھانوں میں گزارہ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب سے اہم بات یہ ہے کہ سپاہ کو ٹریننگ دینے کا انتظام کیا جائے اس وقت ایک ہی ٹریننگ سکول مظفرآباد میں ہے جہاں 400 لوگوں کو ٹرینڈ کرنے کی گنجائش ہے یہ ٹریننگ 9 ماہ کی ہوتی ہے اس طرح ہم سال میں صرف 400 لوگوں کو ٹرینڈ کر سکتے ہیں۔ اس طرح ٹریننگ کی رفتار انتہائی کم ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ ٹریننگ کیلئے رہائش سمیت خاطر خواہ انتظامات کیے جائیں تا کہ معقول تعداد ٹرینڈ کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت آزاد کشمیر میں پولیس آفیسران کی تعداد 104 ہے ہمیں زیادہ سپاہ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم آفیسروں اور جوانوں کو مراعات دے کر ان کا مورال بلند کر سکتے ہیں مورال بلند کیے بغیر مطلوبہ نتائج برآمد کرنے میں دشواری کا سامنا ہے۔ انسپکٹر جنرل نے کہا کہ پولیس کی بڑی قربانیاں ہیں خون درد اور بچھڑنے والوں کا دکھ ہر ایک کو ایک جیسا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر صوبوں میں شہدا کا پیکج ہم سے زیادہ ہے اس کمی کو پورا کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس عوام کے جان و مال کی محافظ ہے۔ نامساعد حالات میں بھی پولیس پوری تندہی کے ساتھ پولیس عوامی خدمت میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس عوام میں سے ہے۔ پولیس پبلک کو ہمدردی کی بنیاد پر دیکھتی ہے اس طرح عوام بھی پولیس کے ساتھ تعاون کرے ان کے ساتھ اپنا رویہ دوستانہ رکھے۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس نے کہا کہ آزاد کشمیر پولیس عوام کو کبھی مایوس نہیں کرے گی عوام کی توقعات پر پولیس پورا اترے گی۔



