عوامی سہولت‘ روڈ ز ہمہ وقت رواں رکھنے کیلئے مشنری کو دستیاب رکھا جائے‘بدرمنیر

مظفرآباد (پی آئی ڈی)کمشنر مظفر آباد ڈویژن بدر منیرسے ڈپٹی ڈائریکٹر نیشنل ہائی وے اتھارٹی محمد فرید نے ملاقات کی اور کو ہالہ تا چکوٹھی روڈ(جو نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے زیر انتظام ہے)کے سلسلہ میں بریفنگ دی۔ اس موقع پر کمشنر مظفر آباد ڈویژن بدر منیر نے ہدایت کی کہ عوام الناس کی سہولت کیلئے روڈ ز کو ہمہ وقت رواں رکھنے کیلئے مشنری کو دستیاب رکھا جائے۔ مظفر آباد تا چکوٹھی (شاہراہ سرینگر) روڈ کے ہونے والے تعمیراتی مرمتی کام کے سلسلہ میں عوام الناس کی جانب سے شکایات موصول ہو رہی ہیں جس پر ڈپٹی ڈائریکٹر NHA نے یقینی دہانی کروائی کہ کنٹریکٹر نے ایک سال کے اندر جملہ ناقص کام کو درست کرنا ہے۔ عید کے بعد اس کو Mobilize کر دیا جائیگا اور خراب کام کو ریپئر کیا جائے گا۔ علاوہ کمشنر مظفر آباد ڈویژن نے کہا کہ کو ہالہ تا مظفر آباد دو میل اور دو میل تا چکوٹھی مین شاہراہ ہے۔ مذکورہ شاہراہ جو پاکستان کو آزاد کشمیر سے ملاتی ہے، تجارتی، ثقافتی لحاظ سے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ جس پر نہ صرف آزاد کشمیر کے مقامی افراد کی نقل و حمل ہوتی ہے بلکہ ملک سے کثیر تعداد میں سیاح حضرات آزاد کشمیر کے سیاحتی مقامات کا رخ کرتے ہیں۔ کو ہالہ تا چکوٹھی طویل مسافت ہونے کے ساتھ ساتھ پہاڑی ایریا ہے جہاں پر مسافروں کیلئے ریسٹ /سروس ایریا کا میسر ہونا ضروری ہے۔ لیکن اس شاہراہ پر ریسٹ / سروس ایریا کی سہولت نہ ہونے کی بناء پر مسافر / سیاح حضرات کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ جس کیلئے الگ سے متعلقہ اتھارٹی کو تحریک بھی کی جارہی ہے۔ علاوہ ازیں کو ہالہ تا چکوٹھی روڈ پر جس قدر تجاوزات پائی جاتی ہیں کو فوری طور پر ہٹایا جائے اور غیر قانونی کٹنگ کو بھی روکا جائے۔ انتظامیہ NHA کے ساتھ بھرپور تعاون کر ے گی۔




