افسران کی پیشہ ورانہ تربیت انتظامی صلاحیتوں میں اضافہ کرتی ہے‘چیف سیکرٹری

مظفرآباد (پی آئی ڈی)چیف سیکرٹری آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر خوشحال خان نے کہا ہے کہ سرکاری افسران کی پیشہ ورانہ تربیت نہ صرف ان کی انتظامی صلاحیتوں میں اضافہ کرتی ہے بلکہ پالیسی سازی، منصوبہ بندی اور ترقیاتی پروگراموں کے مؤثر نفاذ میں بھی کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ ریاستی اداروں کو درپیش چیلنجز سے مؤثر طور پر نمٹنے کے لیے افسران کو جدید انتظامی تقاضوں، شفاف طرزِ کار، مؤثر گورننس اور بہتر ادارہ جاتی ہم آہنگی کو فروغ دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پیشہ ورانہ مہارت، ذمہ داری کے احساس اور بروقت فیصلہ سازی کے ذریعے ہی اداروں کی کارکردگی کو بہتر اور عوام کو معیاری خدمات فراہم کی جا سکتی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کشمیر انسٹیٹیوٹ آف منیجمنٹ کے زیر اہتمام منعقدہ 8ویں پروفیشنل پلاننگ اینڈ منیجمنٹ کورس کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کورس میں مختلف محکموں کے گریڈ 18 کے 39 افسران نے چھ ہفتوں تک پروفیشنل ٹرینرز سے تربیت حاصل کی۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری خوشحال خان نے کورس مکمل کرنے والے افسران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر انسٹیٹیوٹ آف منیجمنٹ میں منعقد کیے جانے والے کورسز کا نصاب اور گیسٹ اسپیکرز کسی بھی بڑے ادارے سے کم نہیں تھے۔ انہوں نے کہا کہ تربیت کے دوران شرکاء نے 20 سے زائد پالیسی اور تحقیقی دستاویزات تیار کیں جو مستقبل میں پالیسی سازی کے عمل میں معاون ثابت ہوں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ اس نوعیت کے کورسز افسران کی پیشہ ورانہ ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ کورس کے دوران افسران کو جن ذمہ داریوں اور اصولوں سے آگاہ کیا گیا ہے انہیں چاہیے کہ وہ اپنے اپنے محکموں میں ان پر عملی طور پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ اس طرح کی تربیت سے افسران میں وقت کی پابندی، ڈریس کوڈ کی پاسداری اور ذاتی و پیشہ ورانہ ترقی کا شعور اجاگر ہوتا ہے۔ مختلف محکموں سے تعلق رکھنے والے افسران کے درمیان روابط مضبوط ہوتے ہیں اور انہیں ایک دوسرے کے کام کو سمجھنے کا موقع بھی ملتا ہے۔تقریب میں سیکرٹری سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن چوہدری محمد امتیاز، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن تہذیب النساء، سیکرٹری خوراک سہیل اعظم اور ایڈیشنل سیکرٹری امجد مغل نے بھی شرکت کی۔تقریب کے اختتام پر مہمانِ خصوصی چیف سیکرٹری خوشحال خان نے پروفیشنل پلاننگ اینڈ منیجمنٹ کورس کے 39 شرکاء میں تعریفی اسناد تقسیم کیں۔ اس موقع پر ڈی جی کشمیر انسٹیٹیوٹ آف منیجمنٹ ڈاکٹر مقیم السلام نے چیف سیکرٹری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔



