مظفرآباد

دفتری نظم ونسق پر عملدرآمد‘عوامی مسائل کو حل کیا جائے،کمشنر میرپور

میرپور (بیورو رپورٹ)کمشنرمیرپور ڈویژن راجہ طاہر ممتاز خان نے ڈویژنل و ضلعی سربراہان محکمہ جات کے ساتھ منعقدہ اجلاس کی صدارت کی اور جملہ محکمہ جات کی پراگرس اور ان کو درپیش مسائل کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی انہوں نے ڈویژن کے جملہ اداروں سے کہاکہ وہ اپنے اپنے محکموں کے وضع کردہ طریقہ کار کے مطابق اپنے فرائض منصبی قانون و آئین کے مطابق سرانجام دیں، دفتری نظم و نسق پر سو فیصد عملدرآمد کیا جائے، عوامی مسائل کو ترجیحات میں حل کیا جائے، لوگوں کے بنیادی حقوق کو ہر سطح پر تحفظ فراہم کیا جائے، محکمہ برقیات بلا تعطل بجلی کی سپلائی اور وولٹیج کے مسائل کوحل کرے جبکہ بجلی کے بلات کی وصولی کوسوفیصد یقینی بنائے۔ڈویژن بھرمیں ترقیاتی منصوبہ جات کی پراگرس اور مانیٹرنگ کویقینی بنایاجائے اور تعمیراتی معیار کا خاص خیال رکھا جائے،سرکاری رقبہ جات اور جنگلات کے تحفظ کویقینی بنایاجائے۔ایمرجنسی سروسز فراہم کرنے والے ادارے جن میں بجلی، پانی،تعلیم،صحت،ذرائع مواصلات اور دیگرادارے اپنی پراگرس کویقینی بنائیں۔عوام کو سہولیات ومراعات فراہم کرنے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کیاجائے۔عوام الناس کے لئے کھانے پینے کی اشیاء حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق اور پرائس کنٹرول کی طرف سے مقرر کردہ نرخوں پر مہیا کی جائے۔ کوالٹی کنٹرول کی پڑتال کی جائے۔نیشنل ایکشن پلان پرعملدرآمد یقینی بنایاجائے۔اگرکسی ادارے کے متعلق کوئی مسائل ہیں تو انتظامی ادارے ان کی معاونت کے لیے ہمہ وقت معاونت کریں گے۔ ان خیالات کااظہارانھوں نے ڈویژنل وضلعی محکمہ جات کے سربراہان کے ساتھ منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر چوہدری ساجد اسلم، چیف انجینئربرقیات محمدنذیرمغل، ڈویژنل ڈائریکٹرکالجز پروفیسرعظمیٰ فاروق، ڈویژنل ڈائریکٹرسکولز سید تخلیق الزماں بخاری، ڈویژنل ڈائریکٹرنسواں محترمہ منزہ کوکب، ناظم جنگلات راجہ زاہد حسین، ایس ای بلڈنگ طاہرمحمود بٹ، ڈپٹی ڈائریکٹرفوڈ اعجاز احمدقمر، ایس ای برقیات راجہ عمرحیات، ایکسین پبلک ہیلتھ انجینئرنگ یاسین طاہر، ڈپٹی ڈائریکٹرزراعت محمدآصف جمیل، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر محمدجاوید ملک، ایڈمنسٹریٹراوقاف محمد شفیق، ایکسین ڈویژن ٹو ظہیراحمد، اے ڈی سول ڈیفنس راجہ محمداشتیاق، ایڈیشنل ڈائریکٹرلائیوسٹاک ڈاکٹرخالد قیوم بٹ نے شرکت کی۔جملہ افسران نے اپنے اپنے محکمہ کے متعلق بریفنگ دی۔کمشنرمیرپورڈویژن راجہ طاہرممتاز نے افسران سے کہاکہ ان پرریاست کی طرف سے جوذمہ داریاں عائد ہیں وہ انھیں قانون وقاعدے کے مطابق سرانجام دیں اور حکومت کی طرف سے دی جانے والی ہدایات پرمن وعن عملدرآمد کروایاجائے۔ جن اداروں کومشکلات اورچیلنجز کاسامناہے وہ اپنی مشکلات تحریری طورپرپیش کریں تاکہ اس کے حل کے لیے حکومت کوتحریک کی جاسکے۔

Related Articles

Back to top button