مظفرآباد

ڈپٹی کمشنر حویلی کی تحصیل حویلی کے سیاسی، سماجی،مذہبی و دیگر مکتبہ فکر کے لوگوں سے میٹنگ

حویلی کہوٹہ (بیورو رپورٹ)ڈسٹرکٹ حویلی کہوٹہ ڈپٹی کمشنر حویلی راجہ عمر طارق نے تحصیل حویلی کے سیاسی، سماجی،مذہبی و دیگر مکتبہ فکر کے لوگوں سے میٹنگ کی۔ میٹنگ کا انعقاد پی ڈبلیو ڈی ریسٹ ہاؤس کہوٹہ میں کیا گیا،جس میں مختلف سیاسی وسماجی نمائندگان، ممبران ضلع کونسل و لوکل کونسلز،سول سوسائٹی کے افراد نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر راجہ عمر طارق کو شرکاء نے علاقہ کے مسائل سے آگاہ کیا اور کہا ہے کہ راجہ فیصل ممتاز راٹھور کا وزیر اعظم بننا ہم سب کے لیے اعزاز کی بات ہے اور امید ہے کہ اس سے ضلع حویلی کے مسائل کا حل ہو گا۔ مختلف تجاویز کے ساتھ ساتھ شرکاء نے ڈپٹی کمشنر حویلی کو اپنے تعاون کا یقین دلایا۔ ڈپٹی کمشنر راجہ عمر طارق نے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی کمشنر اور ضلعی انتظامیہ حکومت اور عوام کے درمیان پل کا کردار ادا کرتے ہیں عوام کے مسائل کو حل کرنے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ وسائل کے اندر رہتے ہوئے جو مسائل حل ہوتے ہیں ان کو حل کیا جائے گا اور جو حکومت کے متعلق ہیں ان مسائل کو جاندار انداز سے حکومت کے نوٹس میں لایا جاکر حل کروایا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور صاحب کے متوقع دورہ حویلی کے دوران ان کو مسائل سے آگاہ کریں اور لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال کو بہتر رکھنے میں آپ لوگوں کا تعاون درکار ہوگا۔ ڈپٹی کمشنر کا دفتر عوام کے لیے ہمہ وقت کھلا ہو گا اور ضلعی انتظامیہ عوام سے بلا تخصیص رابطہ کاری رکھ کر عوامی مسائل حل کرنے میں کردار ادا کرے گی۔

Related Articles

Back to top button