دربار عالیہ غوثیہ امیریہ بانڈی شریف میں عظیم الشان محفل میلاد

مظفرآباد (نمائندہ خصوصی) دارالحکومت مظفرآباد کے نواحی علاقہ بانڈی شریف میں دربار عالیہ غوثیہ امیریہ میں عظیم الشان سالانہ محفل میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد ہوئی۔ محفل کی صدارت پیر سید طالب حسین شاہ گیلانی نے کی جبکہ انتظامات پیر سید نیاز حسین شاہ گیلانی نے سرانجام دیئے۔روح پرور محفل کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جس کی سعادت زینت القراء قاری محمد عاطف نے حاصل کی۔ اس موقع پر بارگاہِ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں گلہائے عقیدت پیش کرنے والوں میں بلبلِ کشمیر صاحبزادہ مہتاب احمد ہاشمی اور ثناء خوانِ رسول ارسلان عباسی شامل تھے جنہوں نے دلوں کو منور کر دیا۔ نقابت کے فرائض مہتاب احمد عباسی نے انجام دیئے جبکہ نعت خواں مداحِ حبیب کبریا نے بھی اپنے خوبصورت انداز سے شرکاء سے خوب داد سمٹی محفل سے خطاب کرتے ہوئے ممتاز عالمِ دین مفتی علامہ ادریس احمد قریشی، ناظم اعلیٰ جامعہ عمار بن یاسر راولپنڈی، سمیت علمائے کرام نے سیرتِ طیبہ پر سیر حاصل گفتگو کی۔ مقررین نے کہا کہ وہ نبی رحمت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جن کا ہم ذکر کرتے ہیں، قیامت کے دن وہی ہماری شفاعت کریں گے جب کوئی کسی کے کام نہ آئے گا۔ یہی وجہ ہے کہ محافل میلاد دراصل ہمارے ایمان کی تازگی اور حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے عشق و عقیدت کے عملی اظہار کا ذریعہ ہیں۔ سالانہ محفل میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم میں نوجوان صحافی رانا محمد الیاس نے بھی شرکت کی،اس عظیم الشان محفل میں علمائے کرام، حفاظِ کرام، دینی شخصیات سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی، محفل میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم میں سید عظیم گیلانی، علامہ مہران احمد ضیائی، قاری تنویر احمد حافظ طفیل، سمیت مقامی علما? کرام نے بھی شرکت کی،محفل میلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم کے اختتام پر پیر سید طالب حسین شاہ گیلانی نے ملک پاکستان کی سلامتی، مقبوضہ کشمیر و فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی مکمل آزادی، اور جملہ مرحومین کے ایصالِ ثواب کے لیے رقت انگیز دعا کروائی۔