مظفرآباد

صحت معاشرے کے قیام کیلئے کھیلوں کو فروغ دیناہوگا‘سونیاخوشحال خان

مظفرآباد(محاسب نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر حلقہ نمبر کوٹلہ خواتین ونگ کی رہنما ء و سابق امیدوارہ ممبر لوکل کونسل ٹاؤن کمیٹی کہوڑی محترمہ سونیا خوشحال خان نے پیرچہلہ سپر لیگ سیزن 05 میں بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ جب وہ پیر چہلہ کے مقا م پر پہنچیں تو بچوں نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے،گلے میں مالا پہنا کر ان کا شاندار استقبال کیا۔اس موقع پر ان کا کہنا تھاکہ جہاں کھیلوں کے میدان آباد ہوں وہاں ہسپتال ویران ہوجاتے ہیں۔ ہمیں صحت معاشرے کے قیام کیلئے کھیلوں کو فروغ دیناہوگا۔ نوجوان نسل کی طرف سے اس طرح کھیلوں کی سرگرمیاں‘لیگ کا انعقاد انتہائی خوش آئند اور قابل تعریف ہے۔ جب نوجوان نسل کھیلوں کی طرف راغب ہوگی تو منفی سرگرمیوں کی طرف ان کی رغبت نہیں ہوگی۔ معاشرے میں جرائم کی شرح کم ہوگی۔ جہاں کھیلوں سے انسانی جسم صحت مند ہوتا ہے وہیں جب نوجوان مل کر کھیلتے ہیں تو ان کے درمیان دوستی، پیاراور ایک دوسرے کے احترام کا رشتہ پروان چڑھتا ہے۔وزیر حکومت سردار جاوید ایوب بھی حلقہ میں تعمیر وترقی کیساتھ ساتھ نوجوانوں میں کھیلوں کے فروغ کیلئے خصوصی دلچسپی لیتے ہوئے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں پیرچہلہ کے عوام اور پی ایس ایل انتظامیہ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتی ہوں۔ پیرچہلہ سپر لیگ سیزن 05 میں بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت میرے لیے ایک اعزاز سے کم نہیں تھا۔ میں دل کی گہرائیوں سے پی ایس ایل انتظامیہ، منتظمین، معززینِ علاقہ، اور تمام بچوں و نوجوانوں کی شکر گزار ہوں جنہوں نے نہایت محبت، عزت اور خلوص کے ساتھ میرا استقبال کیا۔بچوں کی جانب سے پھولوں کی پتیاں، خوبصورت ہار، اور آپ سب کا پرخلوص رویہ ہمیشہ یاد رہے گا۔ یہ لمحات میرے دل میں ہمیشہ ایک خوبصورت یاد کے طور پر محفوظ رہیں گے۔پیرچہلہ کے باہمت نوجوانوں اور شائقینِ کرکٹ کا جذبہ واقعی قابلِ تحسین ہے۔ میں دعا گو ہوں کہ یہ لیگ آگے چل کر اور بھی کامیاب ہو، اور ہمارے نوجوان مثبت سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے رہیں۔

Related Articles

Back to top button