بیس کیمپ کا نظام تحریکِ آزادی کشمیرکی مرہون منت:انوارالحق

مظفرآباد (محاسب نیوز) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق سے مظفرآباد شہر میں اپر چھتر و لوئر چھتر کے بلدیاتی نمائندگان اور کونسلرز پر مشتمل وفد نے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران وفد نے اپنے علاقوں کے مسائل اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت بارے وزیراعظم آزادکشمیر کو بریفنگ دی۔ اس موقع پر وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق نے مظفرآباد شہر میں دومیل پل تا سنڈھ گلی 2 کلو میٹر سڑک کے سروے کو آئندہ 48 گھنٹوں میں مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے واک وے منصوبے پر بھی پیش رفت تیز کرنے اور مرکزی عیدگاہ سے متصل پل کی کشادگی کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ کمشنر مظفرآباد سے طلب کر لی۔وفد نے وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق کی عوامی خدمت اور فلاحِ عامہ کیلئے کیے گئے اقدامات کو سراہا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا کہ خدمت کو ہمیشہ مشن بنایا ہے، بیس کیمپ کا نظام تحریکِ آزادی کشمیرکی مرہون منت ہے۔ کسی قسم کی مراعات اور تنخواہ نہیں لیتا، عوام کے ٹیکس کے پیسے کے تحفظ کو یقینی بنایا ہے۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ وہ اپنے حلف کے پاسدار رہیں گے، انہوں نے ہمیشہ ذاتی مفاد کے بجائے اجتماعی فائدے کو ترجیح دی ہے۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ جب تک اللہ تعالیٰ نے قلم میں اختیار باقی رکھا ہے، عوام کی فلاح اور نظام کی بہتری کے لیے اقدامات اٹھاتا رہوں گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے تعلیم اور صحت کے شعبوں میں نمایاں بہتری کیلئے اقدامات کیے ہیں، انفراسٹرکچر کو مضبوط اور وسائل کو عوامی خدمت کیلئے وقف کیا ہے۔وفد میں کونسلر لوئر چھتر ملک عنایت، کونسلر اپر چھتر ریاض احمد مغل ایڈووکیٹ، کونسلر سٹی طاہر مغل، ذوالفقار بیگ، راجہ طاہر علی خان موجود تھے۔




