مظفرآباد

پاکستان سعودی عرب دفاعی معاہدہ تاریخی نوعیت کا ہے‘مبارک حیدر

مظفرآباد (سپیشل رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے نائب صدر، سابق ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن اور سابق امیدوار اسمبلی حلقہ 3 سردار مبارک حیدر نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین ہونے والا حالیہ دفاعی معاہدہ نہایت خوش آئند اور تاریخی نوعیت کا حامل ہے، جس کے دور رس نتائج خطے کی سیاست اور عالمی سطح پر ضرور سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ دونوں برادر اسلامی ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا اور آنے والے دنوں میں اس سے دفاعی، سیاسی اور اقتصادی میدانوں میں بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔سردار مبارک حیدر نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کی بنیاد اخوت، اعتماد اور قربانیوں پر قائم ہے اور یہی وجہ ہے کہ اس دفاعی معاہدے کو پوری دنیا میں ایک اہم پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاہدے سے نہ صرف دونوں ملکوں کی سلامتی کو تقویت ملے گی بلکہ اس سے دشمن قوتوں کو بھی واضح پیغام گیا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب اپنی خودمختاری اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر متحد اور پرعزم ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملکی سلامتی، خودمختاری اور عوامی مفاد کو اولین ترجیح دی ہے اور پارٹی کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو سے لے کر شہید محترمہ بینظیر بھٹو تک سب نے پاکستان کے دفاع کو مضبوط بنانے اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے عملی اقدامات کیے۔ سردار مبارک حیدر نے کہا کہ موجودہ حالات میں بھی پاکستان پیپلز پارٹی خطے میں امن، استحکام اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ سے سعودی عرب کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور سعودی عرب نے بھی ہر مشکل وقت میں پاکستان کی بھرپور مدد کی ہے۔ یہی باہمی تعاون اب ایک نئے دور میں داخل ہو رہا ہے جس کا اثر نہ صرف خطے پر بلکہ امت مسلمہ پر بھی پڑے گا۔ سردار مبارک حیدر نے کہا کہ یہ معاہدہ اس بات کی علامت ہے کہ دونوں ممالک مستقبل میں بھی ہر خطرے اور چیلنج کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔
ک

Related Articles

Back to top button