مظفرآباد

آزادکشمیر کی سیاسی قیادت کا متحد ہونا احسن اقدام ہے،جماعت اسلامی

مظفرآباد(محاسب نیوز)محمد شریف اعوان، محمد فاروق اعوان اور محمد بشیر اعوان امیر جماعت اسلامی جہلم ویلی نے ایک مشترکہ بیان میں آزاد کشمیر کی سیاسی قیادت کے مل بیٹھنے اور متحد ہونے کو احسن قدم قرار دیا ہے۔مگر ضرورت اس سے ایک قدم آگے جانے کی ہے۔موجودہ محاذ آرائی کی پیدا شدہ صورتحال میں حکومت اور ایکشن کمیٹی کے درمیان الجھے ہوئے معاملات کو طے کروانے کے لیے سیاسی قیادت کو کچھ مزید کرنا پڑے گا۔محض گفتار کے نمازیوں کی بیان بازی سے بہتری نہیں آئے گی۔سیاسی قیادت کو برداشت اور تحمل سے آگے آنا ہوگا۔مذاکرات کی میز پر بہت سارے معاملات حل ہو سکتے ہیں۔کچھ Time Taking معاملات کے لیے مشاورات سے وقت لیا جا سکتا ہے۔سیاسی قائدین کو بڑے پن کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔اس طرح ایکشن کمیٹی کے ذمہ داران کو بھی عزت،احترام اور اخلاقیات کے دائرہ کے اندر رہ کر بات کرنی چاہیے۔اس صورتحال میں حکومت کو فوری بلا تاخیر مذاکرات کی راہ اختیار کرنی چاہیے۔ورنہ عام آدمی اس تباہی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔انتشار اور بد امنی کے مسئلہ کا حل نہیں۔خانہ جنگی کی صورتحال پیدا نہیں ہونی چاہیے۔ہم پہلے ہی مکار دشمن کے مختلف حربوں کی زد میں ہیں۔جب اندرونی فضا خراب ہوگی تو حالات قابو سے باہر ہو سکتے ہیں۔اس لیے تمام ذمہ داران سے اپیل ہے کہ بروقت اپنا اپنا حصہ ڈالیں۔تلخی کو ختم کرتے ہوئے جوش کی بجائے ہوش سے کام لیا جائے۔گالی اور گولی کی زبان مہذب قوم کا طریقہ نہیں۔ہم مسلمان ہیں ہمارے قول و فعل سے مسلمان ہونے کا تاثر ملنا چاہیے۔وقت تیزی سے ہاتھ سے نکل رہا ہے۔بعد میں پچھتانا پڑے گا۔

Related Articles

Back to top button