محکمہ صحت عامہ میں بہترطبی سہولیات کیلئے نمایاں اقدامات

مظفرآباد(خبر نگار خصوصی)وزیر صحت عامہ آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر سید بازل علی نقوی نے رات گئے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال سی ایم ایچ مظفرآباد کا اچانک دورہ کیا اور ایمرجنسی وارڈ کا تفصیلی معائنہ کیا۔اس موقع پر کمانڈنٹ سی ایم ایچ برگیڈیئر شاکر اور ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ آزاد کشمیر ڈاکٹر ممتاز احمد بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔دورے کے دوران وزیر صحت عامہ نے ایمرجنسی وارڈ میں زیرِ علاج مریضوں اور ان کے لواحقین سے براہِ راست ملاقات کی اور فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ڈاکٹرز و پیرا میڈیکل اسٹاف کی کارکردگی، مریضوں کے بروقت علاج اور ادویات کی دستیابی کے حوالے سے تفصیلی استفسار کیا۔ مریضوں اور ان کے تیمارداروں نے مجموعی طور پر طبی سہولیات اور عملے کے رویے پر اطمینان کا اظہار کیا۔وزیر صحت عامہ سید بازل علی نقوی نے سی ایم ایچ مظفرآباد کی انتظامیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، نظم و ضبط اور مریض دوست طرزِ علاج کو سراہتے ہوئے ادارے کی خدمات پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ عوام کو بروقت، معیاری اور مؤثر طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔سید بازل علی نقوی نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایمرجنسی سروسز میں کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور مریضوں کی جان و صحت کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ وزیر صحت عامہ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ایمرجنسی وارڈز میں عملے کی دستیابی، ادویات اور طبی آلات کی فراہمی کو ہمہ وقت یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اس دوران وزیر صحت عامہ نے ڈاکٹرز، نرسنگ اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات میں عوام کی خدمت ایک قومی فریضہ ہے جسے پوری ذمہ داری اور جذبے کے ساتھ انجام دیا جانا چاہیے۔




