صائم خان کی تنصیف ”خواب نگر کے دروازے “کی تقریب رونمائی

مظفرآباد(محاسب نیوز)پولیس لائن مظفرآباد میں معروف شاعر، ادیب و براڈکاسٹر صائم خان راستؔ کی تصنیفِ گراں قدر ”خواب نگر کے دروازے“ کی پذیرائی کے سلسلے میں ایک شان دار اور روحانیت آمیز تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت آئی جی پولیس آزاد جموں و کشمیر جناب رانا عبدالجبار نے کی۔تقریب میں پولیس کے اعلیٰ افسران، اساتذہ کرام، اہلِ ادب و دانش، سماجی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب کا باقاعدہ آغاز مصنف کے والد محترم جناب شوکت حسین خان کے کلماتِ تشکر سے ہوا۔ ان کے پُراثر اور وقار آمیختہ کلمات نے بزم کو عقیدت و محبت کی فضا سے معمور کر دیا۔ بعد ازاں ادبی نشست کا آغاز ہوا جس میں ممتاز اہلِ قلم نے اپنے مقالہ جات پیش کیے۔پروفیسر سعید ارشد نے فکری گہرائی اور ادبی نکتہ سنجی کے امتزاج سے گفت گو کی جب کہ عبدالبصیر تاج ور نے اپنی شگفتہ اسلوب اور فکری ندرت سے سامعین کو مسحور کر دیا۔ ناز مظفرآبادی نے اپنے مخصوص شعری آہنگ میں مقالہ پیش کیا جس نے محفل کو ایک وجدانی کیفیت سے دوچار کر دیا۔