
ایبٹ آباد(نمائندہ محاسب)انجمن تاجران کریم کالج روڈ ایبٹ آباد کے تاجروں اور مکینوں کا بجلی کے بلوں میں بھاری ٹیکسز کے خلاف احتجاجی مظاہرہ،حکومت سے ٹیکس واپس لینے کا مطالبہ،بصورت دیگر دمادم مست قلندر کرنے اور مین شاہراہ پر دھرنے کی دھمکی دیدی۔اس حوالے سے بدھ کے روز کریم پورہ میں مختلف ورکشاپوں،آٹو شاپس،ہارڈ ویئر سمیت دیگر دکانات کے تاجر بجلی کے بلوں میں بھاری ٹیکسز کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے۔صدر انجمن تاجران کریم پورہ شیخ نثار کی سربراہی میں تاجروں نے احتجاجی مظاہرے میں حکومت کی جانب سے ظالمانہ ٹیکسز کے نفاذ اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف نعرے بھی لگائے۔تاجروں کا کہناتھا بجلی کے بلوں میں ہزارہ الیکڑک سپلائی کے قیام کے بعد حیران کن اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔بلوں میں فکسڈ ٹیکس کے علاوہ دیگر لاتعداد ٹیکسز غریب عوام اور چھوٹے تاجروں کی جیب پر ڈاکہ ہے۔انہوں نے کم یونٹ والے بل بھی ہزاروں میں بھیجنے پر کہا ہے کہ حکمران اپنی عیاشیوں کے لئے غریب عوام کا لہو نچوڑ رہے ہیں۔ جس کو کسی طور پر قبول نہیں کرینگے۔احتجاجی مظاہرے میں صدر انجمن تاجران شیخ نثار کا کہناتھا قومی اور صوبائی ممبران اسمبلی نے عوام کو بے یارو مددگار چھوڑ دیا ہے۔جو عوام کی خون پسینے کی کمائی پر عیاشی کرنے میں مشغول ہیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا ہے کہ فی الفور ہزارہ الیکٹرک سپلائی کمپنی میں ان ظالمانہ ٹیکسز کو ختم کیا جائے۔اور کمپنی میں ہزارہ سے بورڈ ممبران کو لیا جائے۔ تاکہ کوئی سننے والا بھی ہو۔ان کا مذید کہنا تھا مرکزی صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ سے تاجروں کو درپیش مسائل کے حل کے لئے بات کی ہے۔قومی سطح پر اس معاملے کے حل کے لئے وہ کردار ادا کریں۔خیبر پختون خوا بالخصوص ہزارہ میں بجلی کی پیدوار پانی سے ہے اس میں رائیلٹی دینے کے بجائے مار شروع کر دی گئی ہے انہوں نے کہا ہے کہ اگر یہ سلسلہ بند نہ کیا گیا تو ایبٹ آباد کے تمام تاجر مین شاہراہ پر دھرنا دیں گے جس کی زمہ داری انتظامیہ پر عائد ہوگی۔