گلگت بلتستان

بلتستان یونیورسٹی: مختلف وفود کی وائس چانسلر اور رجسٹرار سے ملاقات

تعیناتی پردونوں کو مبارک باد پیش کی، جامعہ ہذا میں تعلیمی و انتظامی معیار بلند ہوگا، وفود کے تاثرات

سکردو (پریس ریلیز) یونیورسٹی آف بلتستان سکردو میں آج مختلف علمی، سماجی اور انتظامی وفود نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالمتین اور رجسٹرار ڈاکٹر میر عالم سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وفود نے وائس چانسلر اور رجسٹرار کو عہدہ سنبھالنے پر دلی مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وفود کے شرکاء نے کہا کہ دونوں شخصیات کی تعیناتی یونیورسٹی کے تعلیمی و انتظامی ڈھانچے کو مزید مستحکم کرنے میں سنگِ میل ثابت ہوگی اور ادارے کی ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ وفود نے اُمید ظاہر کی کہ نئے وائس چانسلر اور رجسٹرار طلبہ کے مسائل کے حل، تعلیمی معیار میں بہتری اور جدید تحقیق کو فروغ دینے کے لیے خصوصی اقدامات کریں گے۔دریں اثناء وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالمتین اور رجسٹرار میر عالم نے پروجیکٹ ڈائریکٹر محمد عسکری اور پروجیکٹ ٹیم کے ہمراہ یونیورسٹی کے جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا اور تعمیراتی مقامات کا دورہ کیا۔ پروجیکٹ ڈائریکٹر نے تعمیراتی کاموں کی موجودہ صورتحال، مکمل شدہ مراحل اور مستقبل کے اہداف کے بارے میں جامع بریفنگ دی۔وائس چانسلر اور رجسٹرار نے پروجیکٹ ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ جدید انفراسٹرکچر کی فراہمی یونیورسٹی کے تعلیمی ماحول کو مزید معیاری بنانے میں مددگار ثابت ہوگی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ باقی ماندہ تعمیراتی کام جلد از جلد اعلیٰ معیار اور شفافیت کے ساتھ مکمل کئے جائیں تاکہ طلبہ اور اساتذہ کو سہولیات کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

Related Articles

Back to top button