داریل اور سنگل کے مابین تنازعات کو حل کرنے کیلئے غیر جانبدار کمیشن تشکیل دیا گیا ہے، وزیر اعلیٰ
دونوں فریقین کے مابین مسائل کو خوش اسلوبی اور امن و بھائی چارگی کے تحت حل کئے جائیں،وزیر اعلیٰ

گلگت(محاسب نیوز)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے عمائدین اور علمائے داریل کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ داریل اور سنگل کے مابین پیدا ہونے والی ناخوشگوار صورتحال کی وجہ سے نقص امن کا خطرہ لاحق تھا جس کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبائی حکومت نے فیصلہ کیا کہ دونوں فریقین کے مابین مسائل کو خوش اسلوبی اور امن و بھائی چارگی کے تحت حل کئے جائیں۔ اسی حوالے سے معاون خصوصی مولانا سرور شاہ پر مشتمل 6رکنی کمیٹی تشکیل دی جس نے ماحول کو پرامن رکھنے میں انتہائی اہم کردار ادا کیا جس کیلئے کمیٹی کاکردار لائق تحسین ہے۔ دونوں فریقین کے مابین دیرنیہ تنازعات کو حل کرنے کیلئے باہمی تعاون او ر رضا مندی سے جرگہ تشکیل دیا جائے تاکہ اچھے ماحول میں تمام مسائل اور تحفظات دور کئے جاسکے۔ داریل اور سنگل کے مابین موجود بھائی چارگی اور دیرینہ تعلقات کو استوار رکھا جاسکے۔ باہمی رضا مندی سے جرگے پر متفق نہ ہونے کی صورت میں صوبائی حکومت غیر جانبدار خصوصی کمیشن تشکیل دے گی جو حقائق کی روشنی میں دونوں علاقوں کے مابین حد بندی کا تعین کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر داریل اور سنگل کے عوام سے کہا ہے کہ صبر اور بھائی چارگی کا دامن ہاتھ سے نہ جانے دیں۔