KIU اور عبداللہ انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز سکردو کے درمیان مفاہمتی یاداشت پر دستخط
مفاہمتی یاداشت پر وائس چانسلر کے آئی یو پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ اور عبداللہ انسٹیٹیوٹ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شبیر حسین نے دستخط کیا،ذرائع

سکردو(پ ر) قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی اور عبداللہ انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز سکردو نے مشترکہ طور پر ہیلتھ سائنسز میں بیچلر آف سائنس (بی ایس) پروگرامز شروع کرنے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرلیا۔شعبہ تعلقات عامہ کے آئی یو کے مطابق مفاہمتی یاداشت پر وائس چانسلر کے آئی یو پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ اور عبداللہ انسٹیٹیوٹ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شبیر حسین نے دستخط کیا۔معاہدے کے تحت عبداللہ انسٹیٹیوٹ جامعہ قراقرم کے ایک کنسٹیٹیونٹ کالج کے طور پر کام کرے گا اور ابتدائی طور پر نرسنگ اور میڈیکل لیب ٹیکنالوجی میں بی ایس پروگرامز شروع کرے گا۔جبکہ مستقبل میں آپریشن تھیٹر ٹیکنالوجی، اینستھیزیا اور ڈینٹل ہائی جین کے پروگرامز بھی شروع کریں گے۔دونوں اداروں کے درمیان اس تعاون کا مقصد خطے میں صحت کے شعبے میں ہنر مند پیشہ ور افراد کی شدید ضرورت کو پورا کرنا ہے۔دستخطی تقریب کے دوران وائس چانسلر کے آئی یوپروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے ڈاکٹر شبیر حسین اور عبداللہ انسٹیٹیوٹ کی ٹیم کی گلگت-بلتستان میں صحت کی تعلیم کو فروغ دینے کے لیے کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے خطے میں معیاری صحت کی خدمات اور افرادی قوت کی ضرورت پر زور دیا اور اس اقدام کی کامیابی کے لیے جا معہ قراقرم کی طرف سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ وائس چانسلر نے کہاکہ یہ شراکت داری ہماری کمیونٹیز کی خدمت کے لیے صحت کے شعبے میں پیشہ ور افراد تیار کرنے میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔معاہدے کے تحت کنسٹیٹیونٹ کالج متعلقہ کونسلوں سے این او سی کے لیے درخواست دے گا تاکہ پروگرامز کی تسلیم شدہ منظوری کو یقینی بنایا جا سکے۔دستخطی تقریب میں جامعہ قراقرم کے سب آفس کے انچارج محمد شریف اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی (AIOU) سکردو کیمپس کے ریجنل ڈائریکٹر محمد اقبال سمیت عبداللہ انسٹیٹیوٹ کے عملے کے ارکان بھی موجود تھے۔