محکمہ زراعت کے عہدہ داروں کی وائس چانسلر بلتستان یونیورسٹی سے ملاقات
بلتستان میں فروٹ، فشریز اور ادویاتی نباتات کی پیداوار میں بے پناہ مواقع موجود ہیں، جنہیں بین الاقوامی معیار کے مطابق فروغ دیا جا سکتا ہے،شرکاء

سکردو (پریس ریلیز) بلتستان یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالمتین سے محکمہ زراعت کے عہدہ داروں نے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون سے زرعی شعبے میں ہنر مند انسانی وسائل پیدا کرنے اور اس ضمن میں نایاب اور قیمتی زرعی پیداوار کی پیشہ ورانہ کاشت اور مارکیٹنگ پر خصوصی توجہ دینے پر گفتگو کی گئی۔ ملاقات میں محکمہ زراعت اور یونیورسٹی کے درمیان زرعی شعبے میں جدت اور ترقی کے نئے منصوبوں پر مشترکہ طور پر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔اس موقع پر وائس چانسلر نے ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ و ایکسٹرنل لنکیجز ڈاکٹر ذاکر حسین کو ہدایت دی کہ محکمہ زراعت کے ماہرین کے تعاون سے زرعی ہنر کے مختلف شعبوں میں ڈپلوما اور سرٹیفکیٹ پروگرامز کا آغاز کیا جا سکتا ہے۔ وفد میں محکمہ زراعت کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد رضا، ڈپٹی ڈائریکٹر فشریز غلام مہدی اور ڈپٹی ڈائریکٹر محمد نعیم حسرت شامل تھے۔ شرکاء نے کہا کہ بلتستان میں فروٹ، فشریز اور ادویاتی نباتات کی پیداوار میں بے پناہ مواقع موجود ہیں، جنہیں بین الاقوامی معیار کے مطابق فروغ دیا جا سکتا ہے۔ شرکاء نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ ان مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے مشترکہ کوششیں کی جائیں گی اور اس سلسلے میں محکمہ زراعت کے دیگر ماہرین کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی۔وفد نے وائس چانسلر کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی۔اور پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔