راولاکوٹ‘محکمہ برقیات فنی ملازمین کی ہڑتال نویں روز بھی جاری

راولاکوٹ (اخلاق احمد خان سے) محکمہ برقیات کے غیر جریدہ فنی ملازمین کی کام چھوڑ ہڑتال نویں روز میں داخل ہو گئی ہے جس کے باعث عوام کو بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ فنی ملازمین نے اپنے مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھنے اور ایمرجنسی سروسز بھی بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔راولاکوٹ سمیت ضلع پونچھ بھر میں فنی ملازمین کے احتجاجی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی صدر فنی ملازمین سردار داؤد رفیق نے کہا کہ اگر ہمارے چارٹر آف ڈیمانڈ پر عمل درآمد نہ کیا گیا تو ہم اپنی ہڑتال کا دائرہ کار پورے پونچھ ڈویژن تک بڑھا دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سب ڈویژن ہجیرہ کے 54 ملازمین کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے مقدمات قائم کیے گئے ہیں جن میں 32 آفیسران جن میں سب انجینئرز، ایس۔ڈی۔او ھیڈ لائن مین اور دیگر افسران شامل ہیں، مگر گرفتاریاں صرف چھوٹے ملازمین کی جا رہی ہیں، جو کہ صریحاً ناانصافی ہے۔ اس موقع پر آل ایمپلائیز کنفیڈریشن فورم کے صدر سردار خورشید اقبال نے فنی ملازمین کے مطالبات کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ محکمہ برقیات کے ملازمین کے چارٹر آف ڈیمانڈ پر فوری عمل درآمد کرے، بصورت دیگر ہم کنفیڈریشن فورم کے پلیٹ فارم سے بھرپور احتجاج کا آغاز کریں گے۔احتجاجی کیمپ سے دیگر مقررین مرکزی سیکرٹری جنرل لالا قیوم خان، مرکزی چیئرمین شوکت شاکر، سردار طالب حسین، ضلعی جنرل سیکرٹری ندیم بٹ، مصطفیٰ خان، طارق شاہسوار، اپیکا کے ڈپٹی ایڈیشنل جنرل سیکرٹری جاوید خان، انعام الحق، عمران خالد، الطاف خان، عبدالقیوم بابر، خورشید افراز خان، شہزاد خان، داؤد رزاق اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔مقررین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملازمین کے جملہ مسائل فوری حل کیے جائیں اور محکمہ برقیات کے خلاف ہونے والی مبینہ ناانصافیوں کا سلسلہ بند کیا جائے، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کر دیا جائے گا۔ ہڑتالی کیمپ میں ضلعی صدر فنی ملازمین سردار داؤد رفیقِ نے واضح کیا کہ ہم ایمرجنسی سروسز میں صرف سی۔ایم۔ایچ ہسپتال اور جہاں کسی مریض کو آکسیجن کی ضرورت ہو گی۔یا کوئی جنازہ ہوا ہو تو اس کی بجلی بحالی کے لئے ہم کام کر سکتے ہیں بصورت دیگر کسی جگہ بھی فیلڈ سٹاف نیں جائے گا۔ آخر میں ہڑتالی کیمپ میں موجود تمام شرکاء سے یہ حلف ہاتھ اٹھا کر لیا گیا کہ وہ ہڑتال کے دوران کسی صورت بھی کام میں کریں گے۔



