مظفرآباد قبضہ گروپ، آتشیں اسلحہ سے لیس عناصر کے حوالے کردیا گیا،خواجہ فاروق

مظفرآباد(محاسب نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی راہنما اپوزیشن لیڈر ایم ایل اے سٹی مظفرآباد خواجہ فاروق احمد نے دارالحکومت کی روزانہ کی بنیاد پر امن وامان کے حوالے سے بگڑتی ہوئی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسامحسوس ہوتا ہے کہ پورا شہر قبضہ گروپ،آتشیں اسلحہ سے لیس عناصر کے حوالے کردیا گیا ہے اورانتظامیہ بے بس ہوکر رہ گئی ہے۔خواجہ فاروق احمدنے سول سوسائٹی،وکلاء اورسیاسی جماعتوں کے سنجیدہ ذمہ داران سے کہا ہے کہ آگے بڑھیں اور بے لگام قانون شکن عناصر کو کنٹرول کرنے میں اپنا اپنا کرداراداکریں۔اگر انتظامیہ 29ستمبرکی فائرنگ کے ذمہ داران پر سخت ہاتھ ڈالتی،درج شدہ ایف آئی آر واپس نہ لی جاتی تو دوبارہ ان عناصر کو قانون شکنی کی جرات نہ ہوتی،ہمارے تعلیمی ادارے ان ہی عناصر کے ہاتھوں میں یرغمال بن چکے ہیں،د ن دیہاڑے تعلیمی اداروں میں فائرنگ کے واقعات ہورہے ہیں اور پولیس کو یہی عناصر اپنی حفاظت میں محفوظ راستہ دینے کا برملا اعلان کرتے ہیں۔خواجہ فاروق احمد نے کہا کہ آزادکشمیر کو ایک بانانا ریاست میں تبدیل کردیا گیا ہے،ضلعی انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ پوری قوت،ذمہ داری جرات کے ساتھ ایسے عناصر پر ہاتھ ڈالے نہ کہ ہتھیار ڈالے،ان کی موجودہ پالیسی سے تو یہ ظاہر ہوتا ہے کہ جو دن گزر جائے وہی بہتر ہے اگرامن وامان بحال نہیں کرسکتے تو اپنی ذمہ داری سے سبکدوش ہوجائیں،حکومت تو ویسے ہی آج کل آزادکشمیر میں نہ ہے اسمبلی کا اجلاس ہوتا ہی نہیں کہ اس صورتحال کو وہاں زیر بحث لایا جاسکے،دونوں برسر اقتدار پارٹیاں اسلام آباد،کراچی کے دورے کرسی کے حصول کے لیے کررہی ہیں شہر کو قانون شکن عناصر کے حوالے کردیا گیا ہے،جس کے ہاتھ میں کلاشنکوف،پستول ہے وہی موجودہ حکومت،انتظامیہ میں بڑا آدمی ہے،ضلعی انتظامیہ کیلئے یونیورسٹی میں حالیہ ہونے والے واقعات ایک ٹیسٹ کیس ہیں کہ وہ ان عناصر کے سامنے ہاتھیار ڈالتی ہے یا سخت ترین کارروائی کرتی ہے۔



