مظفرآباد

حضور ؐ نے اپنے والدین کی طرف سے صدقہ کی ترغیب دی،اسحا ق نقوی

ہٹیاں بالا(بیورورپورٹ)امیر جماعت اہل سنت آزاد کشمیر و ممتاز عالم دین علامہ سید محمد اسحاق نقوی نے ایصال ثواب کے لیے منعقدہ دعائیہ تقریب چہلم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں اہل ایمان کی ایک اہم صفت بیان کرتے ہوئے یہ واضح کیا کہ جو کچھ اللہ نے انہیں عطا فرمایا وہ اس میں سے اللہ کی راہ میں خرچ کرتے ہیں۔ اس آیت کے تحت مفسرینِ کرام نے لکھا ہے کہ زندہ ہو یا مرحوم، اللہ کی رضا کے لیے خرچ کرنا باعث برکت ہے، اور نیک اعمال کا ثواب اللہ جسے چاہے پہنچا دیتا ہے۔علامہ سید محمد اسحاق نقوی نے مزید کہا کہ احادیث مبارکہ میں متعدد مقامات پر ایصالِ ثواب کا عملی ثبوت موجود ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے صحاب? کرام کو اپنے والدین اور مرحومین کی طرف سے صدقہ کرنے کی ترغیب دی، جس سے معلوم ہوتا ہے کہ اولاد کا اپنے والدین اور عزیزوں کی نیت سے صدقہ کرنا، کھانا کھلانا، اور نیک اعمال کرنا نہ صرف جائز ہے بلکہ باعثِ اجر بھی ہے۔ حضرت سعد بن عبادہؓ نے بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم میں عرض کی کہ“یا رسول اللہ ” میری والدہ کا انتقال ہو گیا ہے، اگر میں ان کی طرف سے صدقہ کروں تو کیا انہیں فائدہ ہوگا؟”تو آپ ﷺ نے فرمایا:“ہاں، فائدہ ہوگا”ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اہل سنت آزاد کشمیر و مہتمم مدرسہ سید نا ابوتراب تعلیم القرآن علامہ سید محمد اسحاق نقوی نے مرحوم سید آزاد حسین شاہ بخاری کے ایصال ثواب کے لیے چہلم کی دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر معروف ثناء خوان جواد شفیق مغل نے حمد و نعت و منقبت کے پھول نچھاور کیے، دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید محمد اسحاق نقوی نے لوگوں کو کھانا کھلانے کی فضیلت بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ سنتِ نبوی ﷺ اور صوفیاء و اولیائے کرام کا طریقہ ہے۔ ہمارے معاشرے میں اولاد کا اپنے مرحوم والدین کے لیے ایصال ثواب کرنا محبت، احسان اور نیکی کی اعلیٰ مثال ہے، اور اس سے نہ صرف مرحومین کو فائدہ پہنچتا ہے بلکہ اولاد کے رزق میں بھی برکت اور زندگی میں آسانیاں پیدا ہوتی ہیں۔علامہ سید محمد اسحاق نقوی نے والدین کی طرف سے نیک اعمال کرنے کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ یہ عمل اسلامی تعلیمات کے عین مطابق ہے اور اسے بدعت قرار دینا جہالت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مفسرین، محدثین اور فقہاء کی اکثریت ایصال ثواب کے جواز پر متفق ہے، اور امتِ مسلمہ صدیوں سے اس پر عمل پیرا ہے۔ دعائیہ تقریب میں ٹھیکیدار اقبال خان کیانی، ٹھیکیدار حاجی میر خان، جنرل سیکرٹری ڈسٹرکٹ پریس کلب ہٹیاں بالا سید انصار نقوی، بینک آفیسر منیر احمد سلہریا، صدر بزم ابوتراب سید محمد عبدالباسط، راجہ نواز علی خان ترک، صدر تحریک منہاج القرآن فیصل عباسی، صدر انجمن تاجران گوجر بانڈی قاری زاہد اعوان، جنرل سیکرٹری شاہد خوشحال ترک، سید ابرار شاہ، سجاد حسین شاہ، نزاکت حسین شاہ سمیت سینکڑوں افراد موجود تھے۔

Related Articles

Back to top button