GBRSP کے زیر اہتمام خواتین کی قیادت اور فیصلہ سازی میں شراکت کے موضوع پر تربیتی سیشن
خواتین کو بااختیار بنانا محض ایک سماجی تقاضا نہیں بلکہ پائیدار ترقی، امن اور انصاف کے لیے ناگزیر ہے۔ جنرل منیجرGBRSPاشفاق احمد

گلگت(پ،ر)گلگت بلتستان رورل سپورٹ پروگرام (GBRSP)کے زیر اہتمام خواتین کی قیادت اور فیصلہ سازی میں شراکت کے موضوع پر تربیتی سیشن منعقد ہوا۔ یہ تربیتی سیشن پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ (PPAF) کی مالی معاونت سے منعقد کی گئی۔ سیشن میں مختلف علاقوں سے خواتین شرکاء، کمیونٹی نمائندگان اور سول سوسائٹی کے اراکین نے شرکت کی۔ گلگت بلتستان رورل سپورٹ پروگرام کے جنرل منیجر اشفاق احمد کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانا محض ایک سماجی تقاضا نہیں بلکہ پائیدار ترقی، امن اور انصاف کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیصلہ سازی میں خواتین کی شمولیت سے معاشرے کے تمام طبقات کو فائدہ پہنچتا ہے۔ جی بی آر ایس پی کے پروگرام منیجر این آر ایم منظور احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس تربیتی پروگرام کا مقصد گلگت بلتستان کی خواتین کو بااعتماد بنانا، ان کی قیادت کی صلاحیتوں کو نکھارنا اور انہیں اپنی کمیونٹی میں فعال کردار ادا کرنے کے قابل بنانا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ خواتین کی آواز کو اہم فیصلوں میں شامل کیے بغیر حقیقی ترقی ممکن نہیں۔ جی بی آر ایس پی کی منیجر شاہانہ خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے اور اپنے پاوں پر کھڑا کرنے کے اس طرح کے تربیتی سیشنز منعقد کئے جارہے ہیں تاکہ خواتین بااختیار ہونے کے ساتھ ساتھ معاشی طور پر مستحکم بھی ہو سکیں ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کے ریجنل کوآرڈینیٹر جی بی اسرار احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان اسمبلی میں خواتین کے حقوق پر مختلف قوانین منظور ہوئی ہیں مگر ان پر عملدرآمد نہیں ہورہا ہے جبکہ گلگت بلتستان میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد بچے سکولوں سے باہر ہیں جن میں سے 24 فیصد بچیاں ہیں جبکہ ڈھائی سو مقامی بچے بھکاری ہیں ٹریننگ سیشن کے دوران شرکاء کو لیڈرشپ، فیصلہ سازی، حقوق نسواں، اور کمیونٹی ڈویلپمنٹ کے مختلف پہلوؤں پر آگاہی فراہم کی گئی۔ پروگرام کے اختتام پر شرکاء میں سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کئے گئے




