ڈی سی جہلم ویلی بینش جرال کی زیر صدارت اجلا،س اصلاحات پر غور

ہٹیاں بالا (بیورورپورٹ) ضلع جہلم ویلی بھر میں ریونیو سے متعلقہ جاری معاملات کا جائزہ لینے، مسائل کی نشاندہی کرنے اور اصلاحی اقدامات پر غور کے لیے ڈپٹی کمشنر جہلم ویلی بینش جرال کی زیر صدارت ریونیو اجلاس کا انعقاد کیا گیا، جس میں اسسٹنٹ کمشنر ز،افسر مال جہلم ویلی، تحصیلداران اور نائب تحصیلداران سمیت دیگر ریونیو آفسران نے شرکت کی،میٹنگ میں زمینوں کے انتقالات، فردات کی بروقت فراہمی، حد براری، سرکاری زمینوں کا تحفظ، ریونیو ریکوری اور پینڈنگ کیسز پر تفصیلی گفتگو ہوئی،اس موقع پر جینڈر بیسڈ مسائل بالخصوص خواتین کی اراضی ملکیت اور وراثتی حقوق پر خصوصی توجہ دی گئی، ڈپٹی کمشنر بینش جرال نے اس بات پر زور دیا کہ خواتیں کو ان کی زمینوں میں ملکیت کا حق دلانا نہ صرف قانونی و شرعی فریضہ ہے بلکہ یہ معاشرتی انصاف کے قیام کی طرف ایک مضبوط قدم ہے، ریونیو آفسران اس سلسلے میں تمام رکاوٹیں دور کریں اور خواتین کو درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں،انہوں نے مزید کہا کہ ریونیو دفاتر عوامی خدمت کے مراکز ہیں، ان میں شفافیت، بروقت سہولت، اور انصاف کی فراہمی یقینی بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔




