برقیات ملازمین پر حملہ کرنے والے ملزمان کی عدم گرفتاری پر تنظیمیں سراپا احتجاج

مظفرآباد(خبرنگارخصوصی) محکمہ برقیات مدینہ مارکیٹ سیکشن کے سب انجینئر سید عدنان گیلانی اور ان کی ٹیم پر نیا محلہ میں دوران ڈیوٹی اور بجلی کی بحالی کے کام کے دوران حملہ کرنے والے افراد کی عدم گرفتاری کے خلاف ملازمین تنظیمیں سراپا احتجاج بن گئیں۔ حملہ آوروں کی گرفتاری کیلئے حکومت کو دو دن کی ڈیڈلائن گرفتار کرکے قانون کے مطابق سزا نہ دی گئی تو آزادکشمیر بھر میں ملازمین برقیات کام چھوڑ ہڑتال کرینگے۔ دفاترز کو تالے لگا کر بجلی کی بحالی کاکام اور ورکشاپ بھی بند کردینگے۔ گزشتہ روز محکمہ برقیات بنک روڈ کے احاطہ میں ملازمین نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے آزادکشمیر ملازمین اتحاد کے چیئرمین سالک رشید عباسی،صدر شیخ طاہر وسیم ضلعی صدر غیرجریدہ راجہ اویس ناصر، تنظیم لوکل کونسل کے جنر ل سیکرٹری شکیل کیانی، لبیرز یونین کے صدر غلام مصطفی،عمران مغل جنرل سیکرٹری، غیر جریدہ ملازمین کے مرکزی صدر راشد نقوی، ضلعی صدر مدثر جمیل قریشی، جنرل سیکرٹری ذوالفقار اعوان، راجہ وقاص ایڈنگ ایسوسی ایشن کے صدر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو بھی ملازمین کی عزت النفس مجروح کرنے کی اجازت نہیں دینگے۔ عدنان گیلانی پر حملہ کرنے والوں کے خلاف سٹی تھانہ میں ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے لیکن تاحال حملہ آوروں کو گرفتار نہیں کیا جاسکا ہے۔ جس کی وجہ سے ملازمین میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔ ان حملہ آوروں کی گرفتاری کیلئے حکومت کو دو دن کی ڈیڈلائن دے دی ہے اسکے بعد آزادکشمیر بھر میں جملہ ملازمین تنظیمیں احتجاج پر نکلیں گی اور ان حملہ آوروں کی گرفتاری تک جاری رہیگا حکومت ملازمین کو تحفظ فراہم کرے۔




