طلبہ و طالبات ہمارا قیمتی سرمایہ اور ملک وقوم کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں،حافظ حفیظ الرحمن
طلبہ اپنی اہمیت کو جانتے ہوئے تعلیم وتحقیق کے میدان میں کارہائے نمایاں سرانجام دیں اور ملک وقوم کا نام ہر میدان میں روشن کریں،حفیظ الرحمن

گلگت (پ ر) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی واصلاحات پروفیسر احسن اقبال نے قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں پاکستان کی جدید ترین فیکلٹی آف انجینئرنگ و ٹیکنالوجی کیمپس اور سکی اینڈ سپورٹس اکیڈمی کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔شعبہ تعلقات عامہ کے آئی یو کے مطابق افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ طلبہ و طالبات ہمارا قیمتی سرمایہ اور ملک وقوم کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ طلبہ تعلیم، تبدیلی، ترقی اور امن و بھائی چارے کے حقیقی لیڈر ہیں۔لہذا طلبہ اپنی اہمیت کو جانتے ہوئے تعلیم وتحقیق کے میدان میں کارہائے نمایاں سرانجام دیں اور ملک وقوم کا نام ہر میدان میں روشن کریں۔ وفاقی حکومت گلگت بلتستان سمیت پورے پاکستان میں نوجوانوں کی تعلیمی و فنی ترقی کو ترجیح دے رہی ہے جس کا واضح ثبوت قراقرم یونیورسٹی میں انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجیکے جدید کیمپس اور سکی و سپورٹس اکیڈمی کا قیام ہے۔وفاقی وزیر نے یقین دلایا کہ یونیورسٹی کے انفراسٹرکچر کی بہتری، تینوں سب کیمپسز کے آپریشنل بجٹ میں اضافہ اور مین کیمپس کے لیے خصوصی فنڈز کے حوالے سے ہائیر ایجوکیشن کمیشن اور وفاقی حکومت سے فوری بات کی جائے گی تاکہ یہاں کے طلبہ کو مزید عالمی معیار کی تعلیم و تحقیق کے بہترین مواقع میسر آسکیں۔انہوں نے کہاکہ سب کیمپسز میرے لگائے پودے ہیں اور انہیں بوجھنے نہیں دونگا۔سب کیمپسز کی وجہ سے دوافتادہ علاقوں کے طلبا ء کو ان کے گھر کی دہلیز پر اعلیٰ تعلیم وتحقیق کے مواقع مہیا ہوتے ہیں۔انہوں نے طلبہ سے ملاقات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے چہروں پر ملک و علاقے کی تعمیر و ترقی کا جو جذبہ نظر آیا اس سے ثابت ہوتا ہے کہ پاکستان کا مستقبل ان نوجوانوں کی شکل میں درخشاں ہے۔ انہوں نیکہا کہ وہ دن دور نہیں جب قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی علم و حکمت کا عالمی مرکز بن جائے گی کیونکہ یہاں کے طلبہ و اساتذہ میں تعلیم و تحقیق سے محبت مثالی سطح پر موجود ہے۔انہوں نے طلباء کو نصیحت کی کہ تعلیم کی طاقت سے دنیا کا ہر سفر طے کیا جا سکتا ہے لہٰذا طلبہ اپنی پوری توجہ تعلیم اور تحقیق پر مرکوز رکھیں اور آنے والے چیلنجز کے لیے خود کو تیار کریں۔تقریب سے سابق وزیراعلیٰ گلگت بلتستان و صدر مسلم لیگ (ن) گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمٰن نے بھی خطاب کیا اور یقین دلایا کہ وفاقی حکومت کے تعاون سے قراقرم یونیورسٹی کی ترقی کے لیے ہر ممکن کردار ادا کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ ہمارا مستقبل ہیں ان کے بہتر مستقبل کے لیے جو بھی بہتر ہوگا وہ کیا جائے گا۔اس سے قبل وائس چانسلر قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے افتتاحی کلمات پیش کیے اور گزشتہ ساڑھے سات سال میں وفاقی و صوبائی حکومتوں کی طرف سے ملنے والے بھرپور تعاون کو سراہا۔ انہوں نے بتایا کہ اسی تعاون سے جدید انجینئرنگ فیکلٹی، سکی اینڈ سپورٹس اکیڈمی کا قیام اور یونیورسٹی کے لیے خصوصی انڈومنٹ فنڈ کا اجرا ممکن ہوا۔ وائس چانسلر نے یونیورسٹی کو درپیش مسائل، جاری ترقیاتی منصوبوں اور ان کے حل پر بھی تفصیل سے روشنی ڈالی۔تقریب سے دیگر معززین و مقررین نے بھی خطاب کیا اور یونیورسٹی کی ترقی کے لیے اپنی پوری تائید کا اظہار کیا۔تقریب کے دوران طلبہ وطالبات نے وفاقی وزیر منصوبہ بندی سے تعلیم وترقی سمیت دیگر امور پر سولات بھی پوچھے جن کا وفاقی وزیر نے جوابات بھی دئیے۔



