وزیر اعلیٰ حاجی گلبر خان کی مسلم لیگ (ق) میں شمولیت کی خبر بے بنیادہے،معاون خصوصی اطلاعات
وزیر اعلیٰ حاجی گلبر خان اور ان کے سیاسی رفقا ء کی چوہدری شجاعت سے اس سلسلے میں کوئی بات نہیں ہوئی ہے۔ معاون خصوصی اطلاعا ت

گلگت(محاسب نیوز)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کے معاون خصوصی برائے اطلاعات ایمان شاہ نے بعض نجی ٹیلی ویژن چینلز پر نشر ہونے والی اس خبر کو مکمل طور پر بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیا ہے، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان اور ان کے سیاسی ساتھی مسلم لیگ (ق) میں شامل ہو رہے ہیں۔ ایمان شاہ نے واضح کیا کہ وزیر اعلیٰ حاجی گلبر خان اور ان کے سیاسی رفقا ء کی چوہدری شجاعت سے اس سلسلے میں کوئی بات نہیں ہوئی ہے۔ معاون خصوصی برائے اطلاعا ت نے مزید کہا کہ وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان اور ان کی کابینہ کے وزراء اور ساتھیوں نے اب تک کسی بھی سیاسی جماعت میں شمولیت کے بارے میں کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیلی ویژن چینلز پر چلنے والی ایسی خبروں کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ حاجی گلبر خان نہ صرف اپنے آبائی حلقے بلکہ پورے گلگت بلتستان میں نمایاں سیاسی اثر و رسوخ رکھتے ہیں، اور ان کے ساتھ موجود سیاسی رہنماؤں کا مقام و مرتبہ بھی سب پر عیاں ہے۔ معاون خصوصی نے بتایا کہ آئندہ انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں سیاسی ساتھیوں کے ساتھ مشاورت کا عمل جاری ہے