مظفرآباد

مسٹ شعبہ فزیوتھراپی الائیڈ ہیلتھ سائنسز سربراہان کا کڈنی سنٹر کا دورہ

میرپور(بیورو رپورٹ)مسٹ یونیورسٹی کے شعبہ فزیوتھراپی کی سربراہ ڈاکٹر عائشہ جمال اور سربراہ الائیڈ ہیلتھ سائنسز مس فرحت شاہین نے انجمن فلاح و بہبود انسانیت میرپور کے زیر انتظام فری کڈنی ڈائیلاسز سنٹر، ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ٹیچنگ ہسپتال میرپور کا خصوصی دورہ کیا۔ دورے کے دوران معزز مہمانوں نے صدر انجمن فلاح و بہبود انسانیت میرپور ڈاکٹر طاہر محمود سے ملاقات کی۔ اس اہم ملاقات میں ڈیپارٹمنٹ آف الائیڈ سائنسز مسٹ اور انجمن کے درمیان باہمی تعاون کے معاہدے کے متعلق متعدد نکات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ تجویز پیش کی گئی کہ مسٹ میں زیرِ تعلیم الائیڈ ہیلتھ سائنسز کے طلباء کو فری کڈنی ڈائیلاسز سنٹر میں عملی تربیت اور تکنیکی مہارت حاصل کرنے کے لیے باقاعدہ مواقع فراہم کیے جائیں، تاکہ وہ میدانِ عمل میں زیادہ مؤثر کردار ادا کر سکیں ڈاکٹر طاہر محمود نے ادارے کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ قوم سازی، انسانی خدمت اور نوجوان طلباء کو عملی تربیت فراہم کرنا ہمارے لیے اعزاز کا باعث ہے۔ انجمن ہمیشہ تعلیمی اداروں کے ساتھ اشتراکِ عمل کے ذریعے مثبت اور دیرپا اثرات مرتب کرنے کی کوشش کرتی رہی ہیدورے کے موقع پر ڈاکٹر عائشہ جمال نے فری کڈنی ڈائیلاسز سنٹر میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، نظم و نسق اور انجمن کے فلاحی منصوبوں کو شاندار الفاظ میں سراہا۔ انہوں نے کہا کہ انجمن فلاح و بہبود انسانیت میرپور بلا شبہ ایک فعال اور انسان دوست ادارہ ہے، جس کے فلاحی اقدامات قابلِ تقلید مثال ہیں۔ہم مستقبل میں بھی مشترکہ سرگرمیوں کے ذریعے طلباء اور عوام کی بہتر خدمت کے خواہاں ہیں۔ اس موقع پر میڈیکل سپیشلسٹ ڈاکٹر سارہ اعظم، معروف سیاسی و سماجی شخصیت شیراز احمد، ایڈمن آفیسر جہانگیر مغل و منیر عبدالماجد، خواتین ونگ انجمن فلاح و بہبود انسانیت کی انچارج عائشہ ملک اور جوائنٹ سیکرٹری راجہ فرزانہ نواز موجود تھے۔ شرکاء نے اس دورے کو ایک مثبت پیش رفت قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ تعاون نہ صرف تعلیمی میدان میں سودمند ثابت ہوگا بلکہ میرپور میں صحت کے معیار اور فلاحی سرگرمیوں کو مزید تقویت ملے گی۔

Related Articles

Back to top button