اسمبلی اجلاس،بجلی کی ضرورت 600میگا واٹ ہوگئی،فیصل راٹھور

مظفرآباد(محاسب نیوز‘پی آئی ڈی)آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس منگل کے روز سپیکر چوہدری لطیف اکبر کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس کے آغاز میں ایوان میں آزاد پتن ٹریفک حادثہ میں جاں بحق افراد، مولانا لعل محمد بانیاں، 16 دسمبر سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور سمیت دیگر فوت شدگان کے بلندی درجات اور صدرریاست بیرسٹرسلطان محمو دچوہدری، سابق وزیراعظم چوہدری عبدالمجید، وزیر حکومت سردارفہیم اخترربانی کے بھائی، رکن اسمبلی عبدالماجد خان کے بھائی کی صحت یابی کے لیے وزیر پی ڈی او چوہدری محمد رشید نے فاتحہ خوانی کروائی۔ آزادجموں وکشمیر قانون سازاسمبلی کے اجلاس کے دوران ممبر اسمبلی عبدالماجد خان نے تحریک استحقاق پیش کرتے ہوے کہاکہ گزشتہ کچھ عرصہ سے اس مقدس ایوان اور اراکین اسمبلی کی اخبارات اور سوشل میڈیا پر تضحیک کی جارہی ہے، ہم Holy Cow تو نہیں، تنقید ضرور کی جائے۔ گالم گلوچ،تضحیک آمیز جملے دھمکیوں کو روکا جائے۔ انہوں نے کہاکہ اگر اراکین کا استحقاق مجروح ہوا ہے توملوث عناصر کو کیفرکردار تک پہنچایا جاے۔ عبدالماجد خان کی تحریک استحقاق کو ایوان نے متفقہ طور پر منظور کر لیا۔ سپیکر نیاس تحریک کو استحقاق کمیٹی کے سپرد کردیا۔ آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس کے دوران قائد حزب اختلاف شاہ غلام قادر کی جانب سے پیش کردہ توجہ ولا ؤ نوٹس میں کہا گیا کہ گورنمنٹ بوائز مڈل سکول شاہکوٹ تحصیل اٹھمقام ضلع نیلم کی نئی عمارت تعمیر ہونے کے بعد سکول نئی عمارت میں منتقل ہو گیا۔ پرانی عمارت راتوں رات غائب ہو چکی ہے۔ حکومت کی توجہ مبذول کروانا چاہتا ہوں کہ اس امر کی تحقیقات کروائیں جائیں۔




