سرکاری سکولوں میں صبح اسمبلی نظام 15فروری تک معطل کردیا گیا
مظفرآباد (خبر نگار خصوصی)محکمہ تعلیم سکولز آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر نے عوامی مطالبے اور موجودہ موسمی حالات کے پیشِ نظر سرکاری سکولوں میں صبح کی اسمبلی سے عارضی استثنیٰ دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔محکمہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یہ استثنیٰ 15 فروری 2026 تک نافذ العمل رہے گا۔ نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ اگرچہ صبح کی اسمبلی سے وقتی استثنیٰ دیا گیا ہے، تاہم سکولوں میں تدریسی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رہیں گی۔مزید بتایا گیا ہے کہ سرکاری سکولوں میں حاضری کا آغاز صبح 8:30 بجے ہو گا، جبکہ طلبہ و طالبات کو کلاس رومز میں حاضری یقینی بنانا ہو گی۔ محکمہ تعلیم کے مطابق اس فیصلے کا مقصد سرد موسم کے باعث بچوں کو درپیش مشکلات میں کمی لانا اور تعلیمی تسلسل کو برقرار رکھنا ہے۔والدین، اساتذہ اور تعلیمی حلقوں نے محکمہ تعلیم کے اس اقدام کو بروقت اور طلبہ دوست قرار دیتے ہوئے اسے خوش آئند قرار دیا ہے۔




