آزادکشمیر کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی ادویات دستیابی یقینی بنانے کا حکم

مظفرآباد(محاسب نیوز)وزیرِ صحتِ عامہ آزاد حکومتِ ریاست جموں و کشمیر سید بازل علی نقوی کے احکامات کی روشنی میں ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ آزاد کشمیر پروفیسر ڈاکٹر ممتاز احمد کی سربراہی میں نظامتِ اعلیٰ صحتِ عامہ کے تحت ایمرجنسی میڈیسن کی مؤثر اور بروقت فراہمی کے لیے سپیشلسٹ ڈاکٹرز پر مشتمل کمیٹی نے مختلف ہسپتالوں کے لیے ادویات کی فہرستوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔کمیٹی نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتالوں، تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں اور کارڈیک سینٹرز میں ایمرجنسی ادویات کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے مرتب کی گئی لسٹوں کی جانچ پڑتال کی۔ اس کمیٹی میں سرجن ڈاکٹر سرمد اعوان، میڈیکل سپیشلسٹ ڈاکٹر شوکت بخاری اور کارڈیک سرجن ڈاکٹر نعیم طارق شامل تھے۔ناظمِ اعلیٰ صحتِ عامہ کی جانب سے تمام متعلقہ میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ عوام کو ایمرجنسی ادویات کی بلا تعطل فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ شفافیت اور آگاہی کے لیے جلد ہی ایمرجنسی ادویات کی منظور شدہ فہرستیں متعلقہ ہسپتالوں میں آویزاں کر دی جائیں گی۔حکومتِ آزاد کشمیر عوام کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔



