مظفرآباد

عمران خان اور اہلیہ بشریٰ بی بی کو 17، 17سال قید کی سزا

راولپنڈی(صباح نیوز)بانی پی ٹی آئی وسابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کا تحریری فیصلہ بھی سامنے آگیا۔ اسپیشل جج سینٹرل ارجمند شاہ نے توشہ خانہ ٹو کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو مجموعی طور پر 17، 17 سال قید کی سزا سنائی ہے۔ اس کے علاوہ دونوں ملزمان پر 1 کروڑ 64 لاکھ روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔ عدالت کے تحریری فیصلے کے مطابق، استغاثہ نے اپنا کیس ثابت کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے اور دونوں ملزمان کو خیانت مجرمانہ کا مرتکب قرار دیا گیا ہے۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ جرم ثابت ہونے پر عمران خان کو دفعہ 409 کے تحت 10 سال قید کی سزا دی گئی، جبکہ انسداد رشوت ستانی ایکٹ کی خلاف ورزی پر مزید 7 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ اسی طرح بشریٰ بی بی کو بھی مجموعی طور پر 17 سال قید کی سزا کا حکم دیا گیا ہے، عدالت نے دونوں مجرموں پر فی کس 1 کروڑ 64 لاکھ 25 ہزار 650 روپے جرمانہ عائد کیا ہے۔ جرمانے کی عدم ادائیگی کی صورت میں ہر ملزم کو مزید 6 ماہ قید کی سزا بھگتنی ہوگی۔ تحریری فیصلے میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ عمران خان کی زیادہ عمر اور بشریٰ بی بی کے خاتون ہونے کی وجہ سے کم سے کم سزا دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ملزمان کی حوالات میں گزاری گئی مدت کو بھی سزا میں ایڈجسٹ کر لیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ یہ فیصلہ توشہ خانہ کیس کی جاری تحقیقات کا حصہ ہے، جس میں الزام ہے کہ ملزمان نے سرکاری تحائف کی غلط استعمال اور فروخت کی تھی۔

Related Articles

Back to top button