ویلی 6 کے پی کے میں کشمیر بنے گاپاکستان ورکرز کنونشن کا انعقادکیا جائے گا، سمعیہ ساجد

راولپنڈی(نامہ نگار)مرکزی چیئرپرسن مسلم کانفرنس خواتین ونگ اور ویلی 6کے پی کے سے سابق ٹکٹ ہولڈر محترمہ سمعیہ ساجد سے صوبائی صدر مسلم کانفرنس خیبرپختونخوا خواجہ دلاور کی قائد ملت چوہدری غلام عباسؒ کے مزار پر تفصیلی ملاقات۔ ملاقات میں ویلی 6کے پی کے کی مجموعی سیاسی صورتحال، تنظیمی ڈھانچے کی مضبوطی اور آنے والے انتخابی مراحل کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے اس امر پر اتفاق کیا کہ ویلی 6کے پی کے میں مسلم کانفرنس کو ازسرِنو متحرک، منظم اور فعال بنایا جائے گا تاکہ پارٹی کارکنان اور عوامی رابطہ مہم کو مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جا سکے۔ محترمہ سمعیہ ساجد اور خواجہ دلاور نے مشترکہ حکمتِ عملی کے تحت مل کر چلنے اور پارٹی کو نچلی سطح تک مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ملاقات کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ دنوں میں ویلی 6کے پی کے میں ایک کشمیر بنے گاپاکستان ورکرز کنونشن کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں صدر مسلم کانفرنس و سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان سمیت مرکزی قیادت کو خصوصی طور پر مدعو کیا جائے گا۔ کنونشن کے ذریعے کارکنان کو متحرک کرنے، تنظیمی امور کو حتمی شکل دینے اور آئندہ انتخابی حکمتِ عملی واضح کرنے پر توجہ دی جائے گی۔ورکرز کنونشن کے انعقاد کی تاریخ اور مقام کا باقاعدہ اعلان جلد ویلی 6کے پی کے کے ساتھیوں اور کشمیری کمیونٹی سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔ رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مسلم کانفرنس ویلی 6کے پی کے میں عوامی توقعات پر پورا اترتے ہوئے ایک مضبوط اور مؤثر سیاسی قوت کے طور پر ابھرے گی۔




