مظفرآباد

انور بیگ کی وفات سے مزاحمتی سیاست کا ایک باب بند ہوگیا‘تعزیتی ریفرنس

کوٹلی (عرفان مغل سے) کور ممبر جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی، مرکزی سیکرٹری جنرل انجمن تاجران ضلع کوٹلی اور سابق مرکزی صدر جموں و کشمیر نیشنل اسٹوڈنٹس فیڈریشن انوار بیگ کا انتقال پُرملال۔ کوٹلی شہر سوگ میں ڈوب گیا۔ انوار بیگ ایک عظیم مزاحمت کار تھے جنہوں نے عوامی تحریک کے دوران حالت بیماری میں بھی جہدوجہد جاری رکھی۔ نظریہ خود مختار و خوشحال کشمیر کے لیے انوار بیگ کی خدمات تاریخ کا حصہ ہیں۔ مرحوم کو معدے کا کینسر تھا اور علاج معالجہ کے باوجود طبیعت سنبھل نہ سکی اور داعی اجل کو لبیک کہہ گئے۔ انوار بیگ کی وفات سے مزاحمتی سیاست کا ایک باب بند ہو گیا۔بدھ کے روز مرحوم کی میت اسلام آباد سے کوٹلی لائی گئی جہاں ہولاڑ کے مقام سے مرحوم کی رہائش گاہ پہنچنے تک تاجران، جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے اراکین، سیاسی و سماجی شخصیات اور عوام کی بڑی تعداد نے مرحوم کی میت لانے والی ایمبولنس اور قافلے کا استقبال کیا۔ ایمبولینس پر گل پاشی کی گئی اور شہریوں نے سڑکوں کے دونوں اطراف کھڑے ہو کر مرحوم کو آخری سلام پیش کیا۔ کوٹلی شہر میں میت کو آبشار چوک سمیت مختلف بازاروں اور اہم شاہراہوں سے گزارا گیا جہاں مرحوم انوار بیگ ہمیشہ دبنگ انداز میں عوامی حقوق اور تاجروں کے مسائل پر آواز بلند کرتے رہے، بعد ازاں میت کو ان کے رہائشی علاقے لایا گیا، مرحوم کی نماز جنازہ 25 دسمبر بروز جمعرات پہلے روحانی مرکز خانقاہ فتحیہ درس شریف گلہار میں بعد نماز ظہر ادا کی گئی جبکہ مرکزی اور بڑی نماز جنازہ سکندر حیات سپورٹس اسٹیڈیم کوٹلی میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں صدر مرکزی انجمن تاجران آل آزاد کشمیر افتخار فیروز، صدر انجمن تاجران ضلع باغ افتخار زمان، جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے کور ممبران شوکت نواز میر، عمر نذیر کشمیری، سجاد احمد مظفرآباد، امتیاز اسلم، صدر مرکزی انجمن تاجران ضلع کوٹلی ملک محمد یعقوب، ممبر کشمیر کونسل محمد حنیف ملک، سابق امیدوار اسمبلی یوسف ملک، امیدوار اسمبلی، راجہ فاتح محمود کیانی، سابق مرکزی صدر این ایس ایف لیاقت حیات، ضلعی سیکرٹری انفارمیشن تحریک انصاف مراد علی راٹھور، ممبران جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی ضلع کوٹلی ابرار الحق قریشی، یاسر علی ملک، شعیب محی الدین، فیصل ایوبی، محسن راؤف سلطانی، راجہ ثقاف علی خان، راجہ محمد آصف، صدر صرافہ یونین ظفر اقبال ملک، صدر المصطفیٰ بازار جمیل احمد منہاس، صدر صدیقی پلازہ راجہ رحیم،صدر گڈز ٹرانسپورٹ مسعود عارف، سیکرٹری جنرل پاکستان مسلم لیگ ن ضلع کوٹلی ناصر کمال یوسف ایڈووکیٹ، صدر انجمن تاجران مین بازار ملک وحید سمیت نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن اور دیگر قوم پرست جماعتوں کے قائدین، سیاسی شخصیات، وکلاء اور ہزاروں شہریوں نے شرکت کی، نماز جنازہ کے موقع پر رقّت انگیز مناظر دیکھنے میں آئے اور کور کمیٹی سمیت مختلف تاجر تنظیموں کے عہدیداران آبدیدہ رہے، اس موقع پر صدر مرکزی انجمن تاجران ضلع کوٹلی ملک محمد یعقوب خطاب کے دوران اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور مسلسل روتے رہے جس سے فضا مزید سوگوار ہو گئی، سکندر حیات سپورٹس اسٹیڈیم میں ادا کی گئی نماز جنازہ کی امامت مرحوم کے بھائی حافظ محمد اعجاز نے کی، مقررین نے مرحوم کو شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی عوامی، سماجی اور تنظیمی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور مرحوم کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔

Related Articles

Back to top button