مظفرآباد

حکومت صنعتوں کے فروغ کیلئے ہر ممکن سہولت فراہم کریگی، فیصل راٹھور

اسلام آباد (پی آئی ڈی)آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور سے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (FPCCI) کے صدر عاطف اکرام شیخ کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے جموں و کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ وفد میں نائب صدر ایف پی سی سی آئی طارق جدون، محمد عاطف، ملک سہیل اور میرپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر،نائب صدر FPCCI چوہدری جاوید بھی شامل تھے۔ملاقات کے دوران آزاد کشمیر میں صنعتی زونز کے قیام، سیاحت کے فروغ، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (SMEs) کی ترقی، اور میرپور سمیت دیگر علاقوں میں تجارتی سرگرمیوں کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر میں نجی شعبے کو فروغ دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور معاشی ترقی کے لیے کاروباری برادری کا کردار نہایت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی، صنعتی ترقی، برآمدات کے فروغ اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے حکومت ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔وزیراعظم نے کہا کہ آزاد کشمیر قدرتی وسائل، سیاحت، پن بجلی، معدنیات اور زرعی پیداوار کے وسیع امکانات رکھتا ہے۔آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور سے اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن (او پی ایف) کے چیئرمین سید قمر رضا، اور چیئرمین کے مشیر چوہدری اعجاز رضا نے جموں و کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران اوورسیز کشمیریوں کو درپیش مسائل، ان کے فوری حل اور انہیں زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے اس موقع پر کہا کہ بیرون ملک مقیم کشمیری آزاد جموں و کشمیر کا قیمتی اثاثہ ہیں اور حکومت ان کی فلاح و بہبود اور مسائل کے حل کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل کیے ہوئے ہے۔ملاقات کے دوران یہ فیصلہ کیا گیا کہ فروری کے دوسرے ہفتے میں مظفرآباد میں ایک بڑی اوورسیز کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں دنیا بھر سے اوورسیز کشمیریوں کو مدعو کیا جائے گا۔ کانفرنس کے انعقاد، ایجنڈا اور انتظامی امور کے لیے آزاد جموں و کشمیر حکومت اور اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کی جانب سے مشترکہ کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی، جو اپنی حتمی سفارشات اور رپورٹ وزیراعظم آزاد کشمیر کو پیش کریں گی۔وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور سے چیئرمین علماء و مشائخ کونسل صاحبزادہ ذوالفقار علی اور وائس چیئرمین علما و مشائخ کونسل پروفیسر داؤد نقشبندی نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران چیئرمین علماء و مشائخ کونسل صاحبزادہ ذوالفقار علی نے وزیراعظم آزاد کشمیر کو انتظامی امور، کارکردگی، اہداف اور مستقبل کے لیے لائحہ عمل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی، ملاقات میں استحکام پاکستان اور تحریک آزادی کشمیر میں علماء اور مشائخ کا کردار کے موضوع پر کانفرنسز کے انعقاد کا فیصلہ کیا اور گیا، ملاقات میں مساجد اور دینی اداروں سے متعلق مسائل کو زیر غور لایا گیاجبکہ جملہ مسائل کے حل کے لیے اقدامات اٹھانے کا فیصلہ بھی کیا گیا، علاوہ ازیں، بین المذاہب مسلکی ہم آہنگی، رواداری اور امن کے فروغ میں علماء و مشائخ کے کردار کو مزید فعال کرنے پر بھی زور دیا گیا۔وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ نظریہ الحاق پاکستان ہماری منزل ہے، مساجد میں اماموں کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے تاکہ دینی و سماجی خدمات کو مزید مؤثر اور شفاف بنایا جا سکے۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ نوجوان نسل کو حقائق سے آگاہ رکھنا ہماری ذمہ داری ہے، اس ضمن میں اکابرین کے نظریہ کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہےَ۔

Related Articles

Back to top button