مظفرآباد
پیپلز پارٹی اور ن لیگ اندر سے ایک عوام کو بے وقوف بنا رہے ہیں، اظہر گیلانی
مظفرآباد (نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف آزاد کشمیر کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سید اظہر علی گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان میں قائم مسلم لیگ ن کی منڈیٹ چور حکومت بکھلاہٹ کا شکار ہے قائم ہونے کے بعد آج تک تحریک انصاف کی قیادت اور کارکنان کو انتقامی کاروائیوں کا نشانہ بنائے ہوئے ہے۔ریاستی جبر تحریک انصاف کے کارکنان کا حوصلہ نہیں توڑ سکتا، عمران خان کے وفاداروں کے ساتھ کھڑے ہیں،امجد نیازی کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مزمت کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز میڈیانمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مذید کہا کہ اسلام آباد سے لاہور کی جانب جاری تین روزہ اسٹریٹ موومنٹ کے دوران کارکنان پر ہونے والے ریاستی جبر سے کٹھ پتلی حکومت دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکی۔ پرامن کارکنان کی گرفتاریاں، گاڑیوں کی توڑ پھوڑ اور خوف و ہراس پیدا کرنے کی کوششیں ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت کی جا رہی ہیں تاکہ عمران خان کے مشن سے جڑے عوامی جدوجہد کو روکا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ سیاسی کوآرڈینیٹر امجد خان نیازی، میجر ظفر اقبال گوندل اور دیگر کئی کارکنان کی گرفتاری نہ صرف قابل مذمت ہے بلکہ یہ ریاستی اداروں کی سیاسی انتقام پر مبنی کارروائیوں کا ثبوت ہے۔سید اظہر علی گیلانی نے کہا کہ عمران خان اس قوم کی آخری امید ہیں اور ان کے نظریاتی کارکن ہر طرح کے حالات کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں۔ کوئی جبر، کوئی دھمکی یا سازش تحریک انصاف کے کارکنان کے حوصلے کو پست نہیں کر سکتی۔انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ عوام ان ہتھکنڈوں کے خلاف کھڑے ہوں اور اپنے حق کے لیے آواز بلند کریں۔ تحریک انصاف ایک نظریہ، ایک مشن اور ایک عزم کا نام ہے، جسے طاقت کے بل بوتے پر ختم نہیں کیا جا سکتا۔ آخر میں انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام گرفتار کارکنان کو فوری رہا کیا جائے اور پرامن احتجاج کا آئینی حق بحال رکھا جائے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف آزاد کشمیر میں بھرپور عوامی قوت سے انتخابات میں حصہ لے گی انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے اندر قائم کٹھ جوڑ حکومت نے عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا ہوہے جلد ایک پر ہجوم پریس کانفرنس میں ان کے کارتوت سامنے لائے جائیں گے۔آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی صرف نام دو ہیں اندر سے یہ ایک ہیں اور عوام کو بے وقوف بنا رہے ہیں۔نظریہ عمران کے ساتھ کھڑے عوام ان کے جھانسے میں کسی صورت نہیں آنے والے بے شک جتنے حربے استعمال کر سکتے ہیں کر لیں۔





