مظفرآباد
وزیر صحت بازل نقوی کا دورہ میرپور مختلف ہسپتالوں کا معائنہ کیا
میرپور(بیورو رپورٹ)آزاد کشمیر کے وزیر صحت عامہ وبہبود آبادی سید بازل نقوی نے ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز ٹیچنگ ہسپتال میرپور کا دورہ کیا۔ اس موقع پرڈی ایچ او ڈاکٹرفداحسین راجہ، قائم مقام میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ماریہ ذوالفقار، پرنسپل محترمہ بینظیر بھٹو شہید میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر فیصل بشیر، ڈاکٹرسعید عالم، وائس پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر طارق مسعود، ایڈیشنل میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر اویس زاہد، صدر پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ڈاکٹر اعجاز احمد راجہ و دیگر سینئر ڈاکٹرز اور فیکلٹی ممبران نے وزیر صحت عامہ کا پھولوں کے گلدستے پیش کر کے پرتپاک استقبال کیا۔دورے کے دوران وزیر صحت عامہ کو کشمیر انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں قائم مقام میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کی جانب سے ملٹی میڈیا کے ذریعے ہسپتال کی مجموعی کارکردگی، دستیاب سہولیات اور مستقبل کے منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔بعد ازاں سید بازل نقوی نے ہسپتال میں جاری تعمیراتی کام فیز ٹو، سی سی ٹی وی کنٹرول روم اور ایکسیڈنٹ اینڈ ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے جاری ترقیاتی کاموں اور نظم و نسق پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ انتظامیہ اور طبی عملے کی کاوشوں کو سراہا۔اس موقع پرڈاکٹرجہانگیرانجم،ڈاکٹرعالیہ امتیاز، ڈاکٹرعدنان مرغوب، ڈپٹی ڈرگ کنٹرولرڈاکٹرظہیراقبال،جمیلہ رجب ودیگربھی موجود تھے۔آزاد کشمیر کے وزیر صحت عامہ سید بازل علی نقوی نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے اور ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز ٹیچنگ ہسپتال جیسے اداروں کو مزید فعال اور جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جاری منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں تاکہ مریضوں کو بہتر سہولیات میسر آسکیں۔دریں اثنائآزاد کشمیر کے وزیر صحت عامہ و بہبود آبادی سید بازل علی نقوی نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس میرپور کا دورہ کیا۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر فدا حسین راجہ نے وزیر صحت عامہ کا پرتپاک استقبال کیااور پھولوں کا گلدستہ پیش کیا اور انہیں ضلع میں جاری صحت کے منصوبہ جات اور کارکردگی سے متعلق تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔اس موقع پر ڈاکٹر فدا حسین راجہ نے محکمہ صحت کے افسران و عملے کا تعارف بھی وزیر حکومت سے کروایا اور عوامی خدمت میں ان کی انتھک محنت اور لگن کو سراہا۔ وزیر صحت عامہ نے محکمہ صحت میرپور کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے فراہم کی جانے والی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔دورے کے اختتام پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر میرپور ڈاکٹر فدا حسین راجہ کی جانب سے وزیر حکومت سید بازل علی نقوی کو خراجِ تحسین کے طور پر ایک یاد گاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔




