مظفرآباد

ایکشن کمیٹی سے معاہدے کے مطابق معاوضہ اور ایک ایک ملازمت دیدی گئی

مظفرآباد (محاسب نیوز)حکومت آزادکشمیر نے جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کیساتھ معاہدے کے مطابق جاں بحق افراد کے ورثاء کو معاوضہ جات اور ایک ایک فرد کو ملازمت دیدی۔معاہدے کے مطابق سات جاں بحق شہریوں کے ایک ایک وارث کو سرکاری ملازمت دینے کا وعدہ پورا کردیا گیا ہے۔جاں بحق افراد کے ورثاء کو فی کس ایک ایک کروڑ جبکہ زخمیوں کو فی کس 10 لاکھ روپے معاوضے کی ادائیگی کی گئی ہے۔ حکومت آزادکشمیر کے محکمہ توانائی و آبی وسائل کی جانب سے ان سات شہریوں کے ورثاء کو سرکاری ملازمتوں کے پروانے جاری کیے گئے ہیں جو ایکشن کمیٹی کی حالیہ احتجاجی تحریک میں جاں بحق ہو گئے تھے۔ان ورثاء میں سے پانچ مرد اور دو خواتین کو محکمہ توانائی و آبی وسائل نے سرکاری ملازمت کی پیشکش پر مبنی مکتوبات جاری کردیئے ہیں۔ایکشن کمیٹی کی حالیہ احتجاجی تحریک میں جاں بحق ہونیوالے سدھیر اعوان، اویس رفیق،، چوہدری فرحان اورسید احسن شاہ کے بھائیوں، محمد فرید ریاست کی بیوہ، حسیب طارق کی ہمشیرہ اور عنصر جاوید بھٹی کے بھائی کو ملازمت دی گئی ہے۔میرپور میں جاں بحق دو افراد کے ورثاء اور دو زخمیوں کو معاوضہ جات کی ادائیگی کر دی گئی۔باغ میں جاں بحق ہونے والے دو افراد کے ورثاء اور ایک زخمی کو معاوضے کی ادائیگی کی گئی۔مظفرآباد میں بھی جاں بحق ہونیوالے تین افراد کے ورثاء کو فی کس ایک ایک کروڑ روپے معاوضہ کی ادائیگی کی گئی۔

Related Articles

Back to top button