مظفرآباد
حکومت بارشوں‘برفباری سے متاثرہ شاہراؤں کی بحالی کیلئے اقدامات اٹھائے‘سردار عتیق
راولپنڈی(محاسب نیوز) سابق وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر و صدر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ حکومت آزادکشمیر شدید بارش اور برف باری سے متاثرہ علاقوں کی شاہراؤں کی بحالی کیلئے موثر اقدامات اٹھائے، نیلم ویلی، جہلم ویلی اور حویلی کہوٹہ کے عوام کی مشکلات کو کم کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے، باغ کے حلقہ دھیرکوٹ سے ملحقہ علاقوں کی سڑکوں کی بحالی 24 گھنٹے میں کر دی جاتی تھی،لیکن اب یہ عمل مشینری نہ ہونے کی وجہ سے تعطل کا شکار رہی، اس علاقہ کی سڑکوں کی بحالی کیلئے مشین کو عوامی ایکشن کمیٹی کے احتجاج کے دوران جلا دیا گیا تھا، شدید برف باری کے باعث سڑکوں کی بحالی کیلئے ہمیں مشین باغ سے منگوائی پڑی، تاہم اس حلقہ میں سڑکوں کی بحالی کا کام سست روی کا شکار ہے جس سے عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں، حلقہ دھیرکوٹ میں باغ سے منگوائی گئی مشین جو سب سے پہلے دھیرکوٹ سے کوہالہ تک مین شاہرات کھولے گی، پھر لنک روڈ کھلیں گے اور پھر محلہ کی سڑکوں کے کھولنے کے اقدامات کیے جائیں گے، ان خیالات کا اظہار سابق وزیراعظم سردارعتیق احمد خان نے میڈیا سے گفت گوکرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ حکومت آزادکشمیر بھر میں شدید برف باری اور بارشوں سے متاثرہ ذرائع مواصلات کی بندش سے عوام کو درپیش مشکلات کا مدنظر رکھتے ہوئے فوری اقدامات کرے، شدید برف باری کے بعد نیلم ویلی، جہلم ویلی، حویلی کہوٹہ سمیت ضلع باغ کے کئی علاقوں کے مکین راستوں کی بندش کے باعث اشیاء خورونوش سمیت ضروریات زندگی سے محروم ہیں جس کی بروقت امداد حکومت وقت کی ذمہ داری ہے، حکومت تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے ان علاقوں میں سڑکوں کی بحالی کیلئے اقدامات کو تیز کرے تاکہ مشکلات میں پھنسے عوام مسائل کی دلدل سے باہر نکل سکیں۔




