یوم وصال حضرت ابو بکر صدیق ؓ کوٹلی میں مطالباتی ریلی کا انعقاد

کوٹلی(بیورورپورٹ+نمائندہ خصوصی)یومِ وصال حضرت ابوبکر صدیقؓ کے موقع پرسنی رابطہ کونسل ضلع کوٹلی کے زیر اہتمام مطالباتی ریلی کا انعقاد، مختلف طبقات کی بھرپور شرکت۔ تفصیلات کے مطابق سنی رابطہ کونسل ضلع کوٹلی کے زیر اہتمام 22 جمادی الثانی کو یومِ وصال خلیف? اول سیدنا حضرت ابوبکر صدیقؓ کے موقع پر ایک مطالباتی ریلی نکالی گئی جس میں سیاسی سماجی اور مذہبی شخصیات سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی مسجد و مدرسہ خاتم النبیین محلہ ختمِ نبوت سے شروع ہوئی جو شہر کے مختلف علاقوں سے ہوتی ہوئی آبشار چوک کوٹلی میں اختتام پذیر ہوئی جہاں عوامی اجتماع سے مقررین نے سیرتِ سیدنا حضرت ابوبکر صدیقؓ پر تفصیلی روشنی ڈالی اور آپؓ کی دینِ اسلام کے لیے بے مثال خدمات، قربانیوں اور حق و صداقت پر ثابت قدمی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ مقررین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ جس طرح علامہ اقبال اور دیگر قومی و تاریخی شخصیات کے ایام سرکاری سطح پر منائے جاتے ہیں اور عام تعطیل ہوتی ہے اسی طرح یومِ صدیقِ اکبرؓ اور دیگر خلفائے راشدین رضوان اللہ علیہم اجمعین کے ایام بھی سرکاری سطح پر منائے جائیں اور عام تعطیل کا اعلان کیا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ تعلیمی اداروں میں طلباء کو صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کی سیرت اور لازوال قربانیوں سے آگاہ کیا جائے تاکہ نئی نسل اسلامی اقدار سے وابستہ رہے۔ اجتماع میں کوٹلی کے اندر صحابہ کرامؓ کی شان میں گستاخی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ بھی کیا گیا۔مقررین کا کہنا تھا کہ کوٹلی مدینہ المساجد اور مسجدوں کا شہر ہے، لہٰذا ایسے تمام پروگراموں پر پابندی عائد کی جائے جو معاشرتی اور شرعی اقدار کے منافی ہوں۔ ان کے مطابق یہ دینی غیرت اور شریعت کا واضح تقاضا ہے۔ ریلی اور اجتماع سے صدر انجمن تاجران ضلع کوٹلی ملک محمد یعقوب، آصف سلطانی ترجمان کرین پارٹی کوٹلی آزاد کشمیر، حافظ محمد عابد سرپرست اہلِ سنت والجماعت کوٹلی، انیل نواز جنرل سیکرٹری اہلِ سنت والجماعت کوٹلی، مولانا عبدالرازق سرپرست جمعیت علمائے اسلام، مولانا عثمان ذمہ دار جمعیت طلبہ اسلام کوٹلی، مولانا ثوبان صدر عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کوٹلی آزاد کشمیر، مولانا یونس سابقہ سرپرست اہلِ سنت والجماعت کوٹلی نے خطاب کیا آخر میں مولانا حافظ عبدالرشید امیر تحریک خدام اہلسنت والجماعت کوٹلی آزاد کشمیر نے اجتماعی دعا کروائی، جس میں ملک و قوم کی سلامتی، اتحادِ امت، استحکامِ پاکستان و آزاد کشمیر، اور مسلمانوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔




