مظفرآباد
یورپی یونین وفد کا کشمیر پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ کا دورہ‘ مقبوضہ کشمیرپر بریفنگ
مظفرآباد(پی آئی ڈی)یورپی یونین کے وفد کا کشمیر پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ مظفرآباد کا دورہ کیا۔ جہاں انہیں ڈائریکٹر کشمیر پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ ڈاکٹر راجہ محمد سجاد خان نے ادارہ کے کام اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورت حال کے حوالہ سے بریفنگ دی۔ وفد کے سربراہ کشمیر کونسل یورپی یونین کے چیئرمین، سید علی رضا سید تھے وفد میں بلجئیم کے معروف صحافی Cedric Gerbehaye، ہالینڈ سے انسانی حقوق کے کارکن مرجان لوکاس، انا اولیگونا صحافی (ہالینڈ)، سابق ممبر یورپین پارلیمنٹ Ryszard Henryk Czarnecki (پولینڈ)، سابق ممبر یورپی پارلیمنٹ Bjorn Anders Hultin (سویڈن)،کارل ہلٹن (بیلجیم)، Endre Baros صحافی (ہنگری) شامل تھے۔ ڈائریکٹر کشمیر پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ نے معروف صحافی Cedric Gerbehaye کی 8 سالہ تحقیق کو کشمیر کی صورتحال کو جاننے اور سمجھنے کے لیے ایک اہم دستاویز قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر ایک تصویر میں کشمیر میں ظلم و ستم کی ایک کہانی ہے جو یہ بتاتی ہے کہ ہندوستان نہ صرف مقبوضہ جموں و کشمیر بلکہ کنٹرول لائن کے ساتھ ملحقہ ازاد کشمیر کے علاقوں میں عام ابادی کو اپنے ظلم کا نشانہ بنا رہا ہے۔ ڈاکٹر سجاد نے کہا کہ کیپری ازاد کشمیر کا واحد مقامی تحقیقی ادارہ ہے جو نہ صرف تنازعہ کشمیر کی مختلیف جہتوں پر تحقیق کرتا ہے بلکہ نوجوانوں کی تربیت پر بھی کام کر رہا ہے۔ انہوان نے کہا کہ کیپری کا یوتھ ڈائیلاگ پروگرام، ورکشاپس، انٹرن شپ، سیمینارز اور اوٹ ریچ سرگرمیوں سے نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد مستفید ہو رہی ہے۔ ڈاکٹر راجہ سجاد خان نے کہا کہ تنازعہ جموں و کشمیر نہ ہی دو طرفہ تنازعہ ہے اور نہ ہی یہ کسی سرحد کا معاملہ ہے بلکہ یہ ڈیڑھ کروڑ سے زائد کشمیریوں کے حق خوداردیت کا معاملہ ہے۔ پاکستان اس حق خوداردیت کی حمایت کرتا ہے جبکہ ہندوستان نہ صرف اس سے انکاری ہے بلکہ طاقت کے زور پر کشمیر پر اہنا قبضہ برقرار رکھنا چاہتا ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام ہندوستان کے غاصبانہ قبضہ کے خلاف جب اواز بلند کرتے ہیں تو ان کو زندگیوں, جائیدادوں اور تمام بنیادی حقوق سے محروم کر دیا جاتا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں 8 ہزار سے زائد گمنام قبریں دریافت ہوئی لیکن ہندوستان نے اس کے بعد مزید تحقیق کی اجازت نہیں دی۔ انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو اس حوالہ سے تحقیق کرنی چاہیے۔ جبری طور پر ہزاروں نوجوانوں کو غائب کیا گیا ہے ان کو بازیاب کروانے کے لیے کاوشیں کی جانی چاہیے۔ وفد نے کیپری کے کام اور کردار کی تعریف کی۔ ڈائریکٹر کشمیر پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ ڈاکٹر راجہ محمد سجاد خان نے تنازعہ کشمیر کے حوالہ سے خدمات پر چئیرمین کشمیر کونسل یورپی یونین علی رضا سید کو شیلڈ پیش کی۔



