مظفرآباد

پاکستان مخالف سرگرمیوں کا بھرپور مقابلہ کیا جائے گا، مسلم کانفرنس

مظفرآباد (محاسب نیوز)مسلم کانفرنس کی ایڈوائزری کونسل کا اہم اجلاس جماعتی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا جس کی صدارت صدر مسلم کانفرنس و سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان نے کی۔ اجلاس میں مرکزی عہدیداران، سینئر جماعتی رہنماؤں اور ایڈوائزری کونسل کے اراکین نے شرکت کی۔اجلاس میں آزاد کشمیر کی اندرونی صورتحال، امن و امان کی فضاء اور موجودہ سیاسی حالات پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا اور تشویش کا اظہار کیا گیا۔ اس موقع پر متعدد اہم فیصلے کئے گئے جن میں ریاستی جماعتوں سے تال میل بڑھانے، نظریاتی قوتوں کو متحرک کرنے اور پاکستان مخالف سرگرمیوں کا بھرپور مقابلہ کرنے کے لیے کارکنوں کو منظم کرنے جیسے اقدامات شامل ہیں۔ایڈوائزری کونسل نے فیصلہ کیا کہ 6 ستمبر کو یوم دفاعِ پاکستان بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائے گا تاکہ شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا جا سکے۔ اسی روز عید میلاد النبی ﷺ بھی عقیدت و احترام کے ساتھ منانے کا عزم کیا گیا۔سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ مسلم کانفرنس پاکستان اور ریاستی عوام کے مفادات کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور کارکنان ہر سطح پر متحرک رہیں گے۔اجلاس کے اختتام پر ایڈوائزری کونسل نے کشمیری حریت رہنما سید علی گیلانیؒ کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ علی گیلانی مرحوم نے اپنی پوری زندگی تحریکِ آزادی کشمیر کے لیے وقف کی۔ اُن کی قربانیاں اور اصولی جدوجہد کشمیری عوام کے لیے مشعلِ راہ ہے اور اُن کا نام تاریخِ حریت میں ہمیشہ سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔6ستمبر کے یوم شہداء کیلئے دعائیہ تقریبات کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔ایڈوائزری کونسل کے اجلاس میں سابق صدر مسلم کانفرنس مرزا محمد شفیق جرال ایڈووکیٹ،، سیکرٹری جنرل مسلم کانفرنس محترمہ مہرالنساء،راجہ لطیف حسر،ساجد قریشی،میجر ریٹائرڈ نصراللہ خان، چوہدری خضر حیات،سردار عابد رزاق،عاصم زاہد عباسی،خورشید عباسی،راجہ ظفر معروف،چوہدری شوکت علی،زکی جبار،اجمل نکیالوی،رانا غلام حسین و دیگر بھی موجود تھے۔

Related Articles

Back to top button