
مظفرآباد(محاسب نیوز)ایپکا آزاد کشمیر نے ملازمین کی تنخواہوں اور مراعات میں تفاوت کے خاتمہ کے لئے ریاست گیر احتجاج کی تیاریاں شروع کر دیں۔ ایک ہی ریاست میں ایک ہی محکمہ کے ملازمین کی تنخواہوں اور مراعات میں تفاوت رکھی گئی ہے ایک ہی سکیل میں تعینات ملازمین کی تنخواہوں میں تفاوت انسانی حقوق کی بدترین مثال ہے۔ سیکرٹریٹ میں تعینات نائب قاصد سے گریڈ 20-کے آفیسران تک ملازمین دگنی تنخواہ وصول کرتے ہیں جبکہ نظامت ہاء اور دیگر ذیلی دفاتر میں تعینات نائب قاصد سے گریڈ 20-کے ملازم تک کی تنخواہ اور مراعات سیکرٹریٹ کے نصف سے بھی کم ہیں یہ تفاوت قبول نہیں۔ نظامت ہاء اور دیگر دفاتر کے ملازمین کو بھی سیکرٹریٹ کے ملازمین کی طرز پر الاؤنسز دیئے جائیں۔ ایپکا آزاد کشمیر کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سید ماجد علی نقوی نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کے دوران کہا کہ ملازم سیکرٹریٹ کا ہو یا نظامت کا اس کے فرائض کی نوعیت یکساں ہے اور کام بھی ایک جیسا ہے۔ سیکرٹریٹ کا ڈرائیور بھی گاڑی چلاتا ہے جبکہ نظامت کا ڈرائیور بھی یہی کام کرتا ہے۔ سیکرٹریٹ کا نائب قاصد جو فرائض ادا کرتا ہے نظامت کے نائب قاصد کی بھی یہ ذمہ داری ہے۔ کلرک، سینئر کلرک، سٹینو گرافر، پی اے، سپرٹنڈنٹ سمیت تمام ملازمین کے فرائض اور ذمہ داریوں کی نوعیت یکساں ہے۔ جب کام کی نوعیت یکساں ہے تو پھر تنخواہوں اور مراعات میں تفاوت کیوں ہے۔ ایپکا کئی برس سے تنخواہوں اور مراعات میں تفاوت کے خاتمے کا مطالبہ کر رہی ہے لیکن حکومت کی طرف سے اس اہم معاملے پر توجہ نہیں دی جا رہی۔ اب ایپکا نے فیصلہ کیا ہے کہ حکومت کی طرف سے بنیادی حق کی خلاف ورزی کے خلاف موثر انداز میں آواز بلند کی جائیگی اور ریاست گیر احتجاج کیا جائے گا۔ ماجد علی نقوی نے کہا کہ ہم سیکرٹریٹ ملازمین کی مراعات اور الاؤنسز کے خلاف نہیں۔ ہمارا مطالبہ یہ ہے کہ جس طرح سیکرٹریٹ کے ملازمین کو الاؤنسز دیئے جا رہے ہیں۔ اسی طرف پر نظامت ہاء، ذیلی دفاتر اور نیم خودمختار ادارہ جات کے ملازمین کو بھی الاؤنسز دیے جائیں۔ ہماری جدوجہد تفاوت کے خاتمے کے لئے ہے۔


